Time 22 اکتوبر ، 2022
پاکستان

والدکی پٹائی کے خوف سےگھر چھوڑنے والی 2 کمسن بہنیں ویمن پولیس کے حوالے

فوٹو: جیو نیوز
فوٹو: جیو نیوز

کراچی کے علاقے ملیر میمن گوٹھ میں والد کے ہاتھوں پٹائی سے خوفزدہ دو نوعمر بہنیں اولڈ سٹی ایریا میں عالم شاہ مزار پر پہنچ گئیں جنہیں عیدگاہ پولیس نے تحویل میں لےکر ویمن تھانہ منتقل کر دیا گیا۔ 

عیدگاہ تھانے کے سب انسپکٹر داؤد نے جیو نیوز کو بتایا کہ اولڈسٹی ایریا میں جامع کلاتھ مارکیٹ کے قریب واقع عالم شاہ مزار کی انتظامیہ کے توسط سے دو کمسن بہنوں کو تحویل میں لے کر تھانہ منتقل کیا گیا۔

16سالہ گڑیا دختر پرتاب اور اس کی چھوٹی بہن 12سالہ مسکان نے بتایا کہ وہ ملیر کے علاقے میمن گوٹھ گلی نمبر آٹھ کے محلہ چوڑی گلی کی رہائشی ہیں۔

بچیوں کے مطابق ہفتے کی صبح ان کا پڑوسیوں سے جھگڑا ہوا جس پر ان کی والدہ نے ان کے والد سے شکایت لگا دی، والد نے غصے میں آکر ان سے مار پیٹ کی جس پر وہ دل برداشتہ ہوکر اقدام خودکشی کی غرض سے گھر سے نکلیں اور اولڈ سٹی ایریا کے علاقے میں ایم اے جناح روڈ پر پہنچ گئیں۔

بچیوں کو بھوک نے ستایا تو وہ عالم شاہ کے مزار پر چلی گئیں جہاں انہوں نے مزار پر حاضری دی اور وہاں لنگر سے کھانا کھایا، بچیوں کے مطابق وہ مزار کے آس پاس وقت گزاری کرنے لگیں، سمجھ میں نہیں آرہا تھا کہ کیا کریں کہ اچانک پولیس نے انہیں تحویل میں لے لیا۔

پولیس کے مطابق مزار کی انتظامیہ نے بچیوں کی حرکات و سکنات مشکوک جان کر پولیس کو طلب کیا، پولیس کے مطابق بچیاں اپنے والدین کے موبائل نمبر نہیں دے رہیں جس پر انہیں مزید کارروائی کے لیے ویمن تھانہ ساؤتھ کی سب انسپکٹر شگفتہ کے حوالے کردیا ہے۔ 

ویمن پولیس کے مطابق ملیر پولیس کے توسط سے بچیوں کے والدین سے رابطہ کیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں :