23 اکتوبر ، 2022
ائیرپورٹ سیکورٹی فورس (اے ایس ایف) اور اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرلی۔
اے ایس ایف کے عملے نے لاہور سے جدہ جانے والے مسافروں سے 786 گرام سے زیادہ آئس ہیروئن برآمد کی، مسافر سیف اللہ اور بشیرہ بی بی نے آئس ہیروئن ٹرالی بیگ میں مہارت سے چھپا رکھی تھی تاہم اے ایس ایف کے عملے نے سامان کی تلاشی کے دوران منشیات برآمد کر کے اسمگلنگ کی کوششں ناکام بنا دی۔
ملزمان کو ابتدائی تفتیش کے بعد برآمد شدہ منشیات سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے اے این ایف حکام کے حوالے کر دیا گیا۔
اے این ایف ترجمان کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر سعودیہ جانے والے جوڑے کے پیٹ سے بڑی تعداد میں کیپسول برآمد ہوئے۔
حکام کے مطابق بھکر کے رہائشی مُلزم کے پیٹ سے 135 جبکہ خاتون کے پیٹ سے 10 ہیروئن بھرے کیپسول برآمد ہوئے۔
ادھر حیدر آباد میں ٹنڈو اللہ یار کے 2 رہائشی مُلزمان سے 10 کلو چرس برآمد کی گئی جبکہ اے این ایف اور ایف سی کی مشترکہ کارروائی کے دوران اورکزئی سے 16کلو 800 گرام چرس برآمد کی، ملزمان کو گرفتار کر کے انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔