03 نومبر ، 2022
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے کے اہم میچ میں جنوبی افریقا کے خلاف میچ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے آل راؤنڈر شاداب خان کا کہنا ہے کہ آج کی اننگز میری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں بہترین اننگز میں سے ایک ہے۔
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے کے اہم میچ میں پاکستان نے ڈک ورتھ لوئیس میتھڈ کے تحت جنوبی افریقا کو 33 رنز سے شکست دے دی۔
ٹیم کےکپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 185 رنز بنائے، شاداب نے22 گیندوں پر 52 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ تاہم جنوبی افریقی ٹیم 14 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 108 رنز بناسکی۔
میچ جیتنے کے بعد آل راؤنڈر شاداب خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی افریقا کے خلاف آسان پلان بنایا تھا، کوئی خاص حکمت عملی نہیں بنائی تھی۔
انہوں نے کہا کہ آج کی جیت بہت اہم تھی جیت، جیت ہوتی ہے، دوسری ٹیموں کے نتائج ہمارے ہاتھ میں نہیں۔ نواز اور افتخار کی پاٹنرشپ بہت اہم تھی، بنگلادیش کے خلاف میچ میں کنڈیشن دیکھ کر پلان بنائیں گے۔