Time 15 نومبر ، 2022
پاکستان

دفاعی نمائش آئیڈیاز 2022 آج سے کراچی ایکسپو سینٹر میں شروع ہوگی

فوٹو:فائل
فوٹو:فائل

دفاعی نمائش آئیڈیاز 2022 کا آج سے کراچی ایکسپو سینٹر میں شایان شان طریقے سے آغاز ہوگا جس کا افتتاح وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کریں گے۔

ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن (ڈیپو)کے مطابق 18 نومبر تک جاری رہنے والی 4 روزہ نمائش میں دنیا کے 64 ممالک اپنی مصنوعات کے ساتھ شریک ہوں گے،رواں سال کے آئیڈیاز میں پاکستان سمیت 51 ممالک کے 285 وفود بھی شریک ہو رہے ہیں۔

نمائش میں آسٹریلیا،رومانیہ اور ہنگری پہلی مرتبہ شریک ہوں گے،انتہائی اہم سیمینار انٹیلی جنس ان ڈیفنس مارکیٹ کا انعقاد بھی کیا جائےگا۔ ایکسپو سینٹر کے 6ہالز کے علاوہ 3 مارکیز بھی قائم کی گئی ہیں،ایک مار کی کشمیر کے نام سے منسوب ہے۔کراچی کے شہریوں کے لیے ساحل پر نشان پاکستان کے مقام پر 17 نومبر کو کراچی ائیر شو کا بھی انعقاد کیا جائے گا،سی ویو پر ڈرلز منعقد کی جائیں گی۔

آئیڈیاز 2022 میں اس مرتبہ بھی وزراء اور مسلح افواج کے سربراہان کے زیر قیادت دوست ملکوں کے اعلیٰ سطح کے دفاعی وفود شرکت کریں گے۔ڈیپوکے مطابق بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2022 کا انعقاد بڑا چیلنج تھا۔

کورونا وبا کے باعث 4 سال بعد منعقد ہو نے والے ایونٹ میں ملک بھر سے چھوٹے بڑے وینڈرز اپنی منفرد مصنوعات کے ساتھ شریک ہوں گے جبکہ دفاعی نمائش کے موقع پر ٹریفک پلان جاری کردیا گیا ہے ۔

ایکسپو سینٹر کے اطراف ٹریفک منیجمنٹ کا پلان غیر ملکی وفود کی سہولت اور سکیورٹی سمیت رہائشی افراد کو مد نظر رکھ کر بنایا گیا ہے۔ صبح 7 بجے سے شام 6 بجے تک سر شاہ سلیمان روڈ کے دونوں ٹریک ہر طرح کی ٹریفک کے لیے بند رکھے جائیں گے۔

مزید خبریں :