15 نومبر ، 2022
کراچی: سی ٹی ڈی نے سندھ میں ریلوے ٹریکس پر دھماکوں کے ملزم کو کراچی سے گرفتارکرلیا۔
سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی آپریشن ٹو کے عملے نے وفاقی حساس ادارے کی معاونت سے کورنگی انڈسٹریل ایریا مہران ٹاؤن میں سرجن فیض محمد روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم رستم علی کو گرفتار کیا جس کے قبضے سے 30 بور پستول اور گولیاں برآمد ہوئیں۔
ترجمان کے مطابق ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ اس کا تعلق کالعدم تنظیم ایس آر اے سے ہے جس کا سربراہ ذوالفقار خاصخیلی جرمنی سے سوشل میڈیا ایپس کے ذریعے انہیں مختلف دہشتگردی کے واقعات اور ٹارگٹ کی ہدایات دیتا ہے جب کہ ملزم پر ایس آر اے تنظیم کے دیگر ساتھیوں کی مالی معاونت، اسلحہ اور گولہ بارود کی خریداری اور سہولت کاری کا بھی الزام ہے۔
ترجمان کے مطابق ملزم کے خلاف قتل اور اقدام قتل کے علاوہ بیشتر مقدمات مختلف ریلوے ٹریکس پر دھماکے کرنے کے ہیں۔
دوسری جانب سی ڈی ٹی انٹیلی جنس کے سربراہ راجا عمر خطاب نے بتایا کہ دہشتگردوں سے مقابلے میں زخمی سی ٹی ڈی اہلکار شہید ہوگیا ہے، کانسٹیبل ارشد جدون یکم اکتوبر کو مقابلے میں زخمی ہوگیا تھا جو تقریباً ایک ماہ سے وینٹی لیٹر پر تھا، ، اس مقابلے میں کالعدم تنظیم کے دو ہائی پروفائل دہشتگرد مارے گئے تھے۔