16 نومبر ، 2022
سعودی ولی عہد کی جانب سے سابق وزیراعظم عمران خان کو دیے گئے قیمتی تحفے خریدنے والے بزنس مین عمر فاروق ظہور کو مشکوک شخص قرار دینے والے فواد چوہدری کے عمر فاروق سے حالیہ روابط سامنے آگئے۔
فواد چوہدری کل شام تک عمر فاروق کو واٹس ایپ پر میسجز کرکے عمران خان کا نام نہ لینے کی درخواست کرتے رہے۔
جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں تفصیلات بتاتے ہوئے شاہزیب خانزادہ نے مبینہ واٹس ایپ چیٹ کے اسکرین شارٹس بھی دکھائے۔
شاہزیب خانزادہ کے مطابق اس سے پہلے فواد چوہدری عمر فاروق کو حکومت پاکستان کے ٹھیکوں میں مدد دلوانے کا وعدہ بھی کرتے رہے۔
توشہ خانے کی قیمتی گھڑی فروخت کرنے کے بعد نیا اسکینڈل سامنے آ گیا، عمران خان سے گھڑی خریدنے والے عمر فاروق سے فواد چوہدری کے مسلسل رابطوں کے مبینہ ثبوت سامنے آ گئے ۔
جب فواد چوہدری عمر فاروق کو جھوٹا قرار دے رہے ہیں، اس سے کچھ گھنٹے پہلے انھیں اپنا بھائی بتا رہے تھے، منگل کو عمر فاروق نے عمران خان سے گھڑی خریدنے کا انکشاف کیا تو اس کے فوری بعد فواد چوہدری نے ان سے رابطہ کیا اور پوچھا کہ ’کی ہو گیا جی؟ شہزاد اکبر تک تو بات سمجھ میں آتی ہے مگر عمران خان کیوں؟‘
جیو نیوز نے عمر فاروق سے واٹس ایپ گفتگو کرنے والے شخص کا نمبر چیک کیا تو وہ بھی فواد چوہدری کا نکلا، دونوں کے درمیان ماضی کی واٹس ایپ چیٹ میں اور بھی انکشافات سامنے آئے ہیں۔
ایک بار عمر فاروق نے اپنے خلاف کیس بنانے پر شہزاد اکبر کی شکایت کی تو فواد چوہدری نے ان کی تائید کی اور مقدمات کو خوف ناک قرار دیا۔
فواد چوہدری عمر فاروق سے دبئی میں ملتے بھی رہے، یاٹ پر بھی ملاقات ہوئی ، عمر فاروق اور فواد چوہدری تحریک انصاف کی حکومت کے دوران ویکسین، ای اسپورٹس اور آئی ٹی سیکٹر سے متعلق کاروباری منصوبہ بندی کیلئے پیغامات کا تبادلہ بھی کرتے نظر آئے ہیں۔
اس سے پہلے بدھ کو فواد چوہدری نے پریس کانفرنس میں عمر فاروق کے خلاف دبئی میں قانونی کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ گھڑی عمر فاروق کو نہیں بیچی گئی، جب کہ ذلفی بخاری نے کہا کہ عمران خان نے گھڑی جس ڈیلر کو بیچی تھی وہ پاکستان سے بھاگ گیا۔