سحر خان کی فیصل قریشی سے پہلی بار ملاقات کہاں ہوئی؟

ان دنوں ہر پل جیو پر ڈرامہ سیریل ’فرق‘ آن ائیر ہے۔ ڈرامے میں پہلی مرتبہ اداکار فیصل قریشی اور سحر خان ایک ساتھ نظر آرہے ہیں۔

جیو ڈیجیٹل سے خصوصی گفتگو میں سحر خان نے بتایا کہ فیصل قریشی ان اداکاروں میں سے ہیں جن کے ڈرامے دیکھتے دیکھتے ہم بڑے ہوئے ہیں۔ ایک کمال ایکٹر کے ساتھ وہ ایک اچھے انسان بھی ہیں۔ ان کے دوستانہ رویے کی وجہ سے ساتھ کام کرنا ایک تجربہ ثابت ہوا۔ فیصل قریشی انڈسٹری کے بڑے ناموں میں شامل ہیں لیکن انہوں نے سیٹ پر سینیئر ہوکے کوئی بلاجواز غصہ نہیں دکھایا بلکہ اکثر وہ مجھے چھیڑتے تھے کہ تم بہت بولتی ہو۔

سحر خان نے بتایا کہ ان کی فیصل قریشی سے پہلی ملاقات ایک شو پر ہوئی تھی شاید اس دن پاکستان ٹیم کا میچ تھا اور وہ بیک اسٹیج دعا کر رہے تھے۔ اسٹیج کے پیچھے سب رو رہے تھے لیکن جب شو اسٹارٹ ہوا تو سب کے چہروں پر مسکراہٹ تھی۔

ڈرامے کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ ’فرق‘ کے سیٹ پر ان کا پہلا سین محمود اسلم کے ساتھ تھا جو ایک بہترین فنکار ہیں۔ جب بھی مزاحیہ ڈرامہ ’بلبلے‘ کا ذکر ہوتو محمود اسلم یاد آجاتے ہیں۔ ان کے سینز ختم ہونے پر انہیں بہت مِس کیا۔

انہوں نے کہا کہ فرق کے سیٹ پر سب سے زیادہ اپنے کام کو محمود اسلم کے ساتھ انجوائے کیا۔

عموماً سینیئر اداکار کے ساتھ ہیروئن آنے پر عمر کے فرق کی وجہ سے ناظرین کہانی سے جُڑ  نہیں پاتے جبکہ تنقید بھی کی جاتی ہے کہ کم عمر اداکارہ کو سینیئر کے ساتھ دکھایا گیا ہے، اگر فیصل قریشی کے ساتھ کام کرنے پر اس طرح تنقید ہوتی ہے تو کس طرح اس صورتحال کا سامنا کریں گی؟؟ اس سوال پر سحر خان نے جواب دیا کہ جب تک کسی نے ڈرامہ نہ دیکھا ہو وہ کہانی سے نہیں جڑ سکتا جب لوگ ڈرامہ دیکھیں گے تو انہیں فیصل قریشی اور سحر خان نہیں بلکہ کمال حسن اور ارسا کے کردار نظر آئیں گے اور انہیں سمجھ آئے گا کہ عمر کا فرق ہونے کے باوجود دونوں ساتھ کیوں نظر آئے ہیں۔

اداکارہ نے کہا کہ ڈرامے کی کہانی میں کرداروں اور ان کے حالات میں بھی فرق دکھایا گیا ہے جسے پورا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اس لیے ڈرامے کا نام بھی فرق رکھا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ کوئی بھی کردار کرنے سے پہلے سوچتی نہیں ہیں کہ سامنے کون سینیئر اداکار ہے بلکہ وہ اپنے کردار کو اچھے طریقے سے نبھانے کو ترجیح دیتی ہیں چاہے سامنے کوئی بھی ہو۔

انہوں نے کہا کہ شاید یہ ہی وجہ ہے کہ وہ فیصل قریشی کے ساتھ کام کرتے ہوئے نہیں گھبرائیں۔

اپنے کردار کے بارے میں سحر نے کہا کہ ارسا ایک متوسط گھرانے کی لڑکی ہے جس کے کچھ خواب ہیں، جنہیں پورا کرنے کے لیے وہ جھوٹ بھی بول لیتی ہے البتہ کھبی جھوٹ بولنا اس کیلئے اچھا ثابت ہوجاتا ہے اور کھبی وہ اللہ سے من پسند چیز مانگ کر بھی کڑا وقت دیکھتی ہے۔ اداکارہ نے کہا کہ کھبی ہم اللہ سے ایسی چیزیں مانگ لیتے ہیں جو ہمارے حق میں بہتر نہیں ہوتیں۔

سحرخان نے کہا کہ انہیں بطور ایکٹر وہاج علی اور فواد خان پسند ہیں، صبا قمر اداکاراؤں  میں پسندیدہ ہیں جبکہ احد رضا میر کے ساتھ کام کرنا چاہوں گی البتہ بالی وڈ میں کام کرنے کیلئے میری کچھ باؤنڈریز ہیں اگر کوئی اچھا پروجیکٹ ہوا تو ہی کروں گی لیکن پہلے میں اپنے ملک میں کام کرنا چاہتی ہوں۔ اگر کوئی کردار مجھے آفر ہو جو میں نہیں کرسکتی تو منع کردوں گی یہ نہیں سوچوں گی کہ کاسٹ بڑی ہے۔

شادی کے بارے میں انہوں نے کہا کہ وہ پسند کی شادی پر یقین رکھتی ہیں کیونکہ اس طرح دو لوگ ایک دوسرے کو جان لیتے ہیں اور ایک دوسرے کے مزاج سے واقف ہوتے ہیں لیکن جنہوں نے ارینج میرج کی ہے ان کی شادیاں بھی کامیاب ہیں یہ نصیب کی بات ہے البتہ ہمسفر محبت اور عزت کرنے والا ہوناچاہیے۔

اداکارہ سحر خان ڈرامہ سیریل ’فرق‘ سے قبل ہرپل جیو پر نشر ہونے والے ڈرامے زخم، فاسق اور رنگ محل میں نظر آئیں تھیں جبکہ ایک اور چینل پر بھی ان کا ایک نیا پروجیکٹ آنے والا ہے۔

مزید خبریں :