Time 20 نومبر ، 2022
کھیل

فیفا فٹبال ورلڈکپ ٹرافی کس سے بنی ہے اور اس کی قیمت کیا ہے؟

ورلڈکپ ٹرافی / رائٹرز فوٹو
ورلڈکپ ٹرافی / رائٹرز فوٹو

دنیا کی 32 ٹیموں کے درمیان فیفا فٹبال ورلڈکپ 2022 کی ٹرافی جیتنے کے لیے جنگ کا آغاز 20 نومبر سے ہورہا ہے۔

اگلے ایک ماہ تک 32 ممالک کے کھلاڑی دنیائے کھیل کے اس سب سے بڑے انعام کو حاصل کرنے کا خواب دیکھیں گے۔

1930 سے 2018 یعنی 88 سال کے دوران 21 بار ورلڈ کپ مقابلوں کا انعقاد ہوا اور 8 ٹیموں نے ٹرافی کو اپنے نام کیا، جن میں برازیل (5 بار)، جرمنی (4 بار)، اٹلی (4 بار)، ارجنٹینا (2 بار)، فرانس (2 بار)، یورو گوئے (2 بار)، انگلینڈ (ایک بار) اور اسپین (ایک بار) شامل ہیں۔

ٹورنامنٹ کو جیتنے والی ٹیم کو ورلڈ کپ ٹرافی کا انعام دیا جاتا ہے جس کی تاریخ بھی اس ایونٹ جتنی پرانی ہے۔

آغاز میں ٹرافی مختلف تھی

1930 سے 1938 کے ورلڈکپ جیتنے والی ٹیموں کو جو ٹرافی دی گئی اسے فرانس کے ڈیزائنر Abel Lafleur نے ڈیزائن کیا تھا جسے چاندی سے تیار کیا گیا مگر وہ گولڈ پلیٹڈ تھی۔

اس زمانے میں ٹرافی کو ایک یونانی دیوی کے نام پر وکٹری کہا جاتا تھا مگر پھر اس کا نام فیفا کے تیسرے صدر Jules Rimet پر رکھ دیا گیا جن کی جانب سے ورلڈکپ کا خیال پیش کیا گیا تھا۔

پرانی ٹرافی کا ڈیزائن ایسا تھا / اے پی فوٹو
پرانی ٹرافی کا ڈیزائن ایسا تھا / اے پی فوٹو

1938 کے بعد دوسری جنگ عظیم کے باعث 12 سال تک عالمی ایونٹ کا انعقاد نہیں ہوا اور 1950، 1954، 1958 اور 1962 میں Jules Rimet ٹرافی ٹیموں نے جیتی۔

مگر برطانیہ میں ہونے والے 1966 کے ورلڈکپ کے آغاز سے قبل اس ٹرافی کو ایک عوامی نمائش کے دوران چوری کرلیا گیا جس کو بعد میں ڈھونڈ لیا گیا مگر اس کی ایک نقل ضرور خریدی گئی۔

1970 میں ایک بار پھر اصلی Jules Rimet ٹرافی کو چرا لیا گیا جو پھر کبھی نہیں مل سکی جس کے باعث اس وقت ورلڈکپ جیتنے والی ٹیم برازیل کو اس کی نقل دی گئی جو اب اسی کے پاس ہے۔

نیا ڈیزائن، نیا کپ

اسے فیفا ورلڈکپ ٹرافی کا نام دیا گیا ہے / اے ایف پی فوٹو
اسے فیفا ورلڈکپ ٹرافی کا نام دیا گیا ہے / اے ایف پی فوٹو

اب فیفا ورلڈکپ میں جو ٹرافی استعمال کی جاتی ہے وہ 1974 کے ورلڈکپ کے لیے ڈیزائن کی گئی تھی۔

اٹلی کے ڈیزائنر Silvio Gazzaniga نے اسے تیار کیا۔

یہ ٹرافی 2038 کے ٹورنامنٹ تک ٹیموں کو دی جائے گی اور اس کے بعد نیا ڈیزائن متعارف کرایا جائے گا۔

پہلے تو ٹورنامنٹ جیتنے والی ٹیم اصلی ٹرافی کو اپنے ساتھ لے جاتی تھیں مگر اب فیفا کی جانب سے فاتح ٹیم کو کانسی سے بنی گولڈ پلیٹڈ نقل دی جاتی ہے۔

اصلی ٹرافی فیفا کے ورلڈ فٹبال میوزیم میں رہتی ہے اور خصوصی مواقعوں پر ہی اسے باہر نکالا جاتا ہے۔

اس ٹرافی کو چھونے کی اجازت بھی بہت کم افراد کو حاصل ہے۔

ٹرافی کس سے بنی اور مالیت کیا ہے؟

یہ دنیائے کھیل کی سب سے مہنگی ٹرافی ہے / رائٹرز فوٹو
یہ دنیائے کھیل کی سب سے مہنگی ٹرافی ہے / رائٹرز فوٹو

یہ ٹرافی 18 قیراط سونے سے تیار کی گئی ہے جس کا وزن 6 کلوگرام ہے اور 75 فیصد حصہ سونے پر مشتمل ہے۔

اس ٹرافی میں 2 انسان دنیا کو اٹھائے ہوئے نظر آتے ہیں اور جب اسے تیار کیا گیا تو اس کی لاگت 50 ہزار ڈالرز کے قریب تھی مگر موجودہ عہد میں یہ 2 کروڑ ڈالرز (4 ارب 44 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد) مالیت کی ہے۔

درحقیقت یہ دنیائے کھیل کی سب سے مہنگی ٹرافی ہے جس کی قیمت کا مقابلہ کوئی اور ٹرافی نہیں کرسکتی۔

مزید خبریں :