Time 23 نومبر ، 2022
پاکستان

کراچی: پولیس اہلکار کے قتل میں ملوث ملزم کی مدد کرنیوالا ملازم اور برادر نسبتی گرفتار

ملازم اورنگزیب نے واردات کے بعد ملزم کےگھر پہنچنے کے بعد اس کی مدد کی، ملازم نے ملزم کی گاڑی سے نمبر پلیٹ اتاری، گاڑی پر کپڑا ڈالا اور گاڑی کی چابی چھپائی: حکام۔ فوٹو فائل
ملازم اورنگزیب نے واردات کے بعد ملزم کےگھر پہنچنے کے بعد اس کی مدد کی، ملازم نے ملزم کی گاڑی سے نمبر پلیٹ اتاری، گاڑی پر کپڑا ڈالا اور گاڑی کی چابی چھپائی: حکام۔ فوٹو فائل

کراچی کے علاقے ڈیفنس میں فائرنگ کر کے پولیس اہلکار کو قتل کرنے سے متعلق کیس میں 2 ملزمان کو باقاعدہ گرفتار کر لیا گیا ہے۔

تحقیقاتی حکام کے مطابق گرفتار افراد میں ملزم کا برادر نسبتی عامر اور ملازم اورنگزیب شامل ہیں، ملازم اورنگزیب نے واردات کے بعد ملزم کےگھر پہنچنے کے بعد اس کی مدد کی، ملازم نے ملزم کی گاڑی سے نمبر پلیٹ اتاری، گاڑی پر کپڑا ڈالا اور گاڑی کی چابی چھپائی، ملزم جب تک پاکستان میں تھا ملازم اورنگزیب اس سے رابطے میں رہا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کا برادر نسبتی کلفٹن میں ہی ایک ریسٹورنٹ چلاتا ہے، ملزم واردات کے بعد گھر سے سیدھا پہلے عامر کے ریسٹورینٹ گیا، ملزم خرم نثار اور اس کے برادر نسبتی کے درمیان ریسٹورنٹ میں ملاقات ہوئی۔

حکام کے مطابق عامر نے بیان دیا کہ خرم نثار نے بتایا کہ اس کا کوئی جھگڑا ہوا ہے اسے فوراً ٹکٹ چاہیے لیکن خرم کو ٹکٹ لے کر دینے میں کوئی مدد نہیں کی۔

عامر کا کہنا ہے کہ میں اپنی فیملی کو چھوڑنے ائیر پورٹ گیا تو خرم موجود تھا، ملزم اور عامر کی ائیرپورٹ پر بھی ملاقات ہوئی تھی۔

حکام کا بتانا ہے کہ عامر اور ملزم خرم کا کال ریکارڈ ڈیٹا بھی حاصل کر لیا ہے، ملزم خرم اور عامر دونوں ایک دوسرے سے رابطے میں تھے، ملزم کا برادر نسبتی عامر خود بھی سوئیڈن کا شہری ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ خرم کے بیرون ملک جانے کے حوالے سے غیر ملکی ائیر لائن اور غیرملکی بینک سے بھی تفصیلات طلب کی ہیں، ملزم کے والدین بھی اب اپنے گھر میں موجود نہیں ہیں۔

تحقیقاتی حکام کا کہنا ہے کہ پولیس ملزم کے برادر نسبتی کے بیان کی تصدیق کر رہی ہے۔

مزید خبریں :