Time 27 نومبر ، 2022
پاکستان

حیران ہوں ہم کتنی تیزی سے فاشسٹ ریاست کی جانب بڑھ رہے ہیں: عمران کا سواتی کی گرفتاری پر بیان

ناانصافی پر اعظم سواتی کا غصہ اور مایوسی جائز ہے: چیئرمین پی ٹی آئی۔ فوٹو فائل
ناانصافی پر اعظم سواتی کا غصہ اور مایوسی جائز ہے: چیئرمین پی ٹی آئی۔ فوٹو فائل

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اداروں کے خلاف متنازع بیانات پر دوبارہ گرفتار ہونے والے سینیٹر اعظم سواتی کے حوالے سے بیان میں کہا کہ حیران ہوں ہم کتنی تیزی سے فاشسٹ ریاست کی طرف بڑھ رہے ہیں۔

ایف آئی اے نے سینیٹر اعظم خان سواتی کو سوشل میڈیا پر متنازع بیانات کے الزام میں آج گرفتار کیا ہے اور ان کے خلاف سائبر کرائم کے تحت مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔

عمران خان نے سینیٹر اعظم سواتی کی دوبارہ گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا ہے کہ حیران ہوں ہم کتنی تیزی سے فاشسٹ ریاست کی طرف بڑھ رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سینیٹر اعظم سواتی کو حراست میں تشدد اور بلیک میل کرنےکی ویڈیو ان کی بیوی کو بھیجنے کی تکلیف کو کوئی کیسے نہیں سمجھ سکتا؟ ناانصافی پر اعظم سواتی کا غصہ اور مایوسی جائز ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ اعظم سواتی کی حمایت میں سینیٹرز کی اپیلوں کے 15 دن سے زیادہ گزرنے کے باوجود سپریم کورٹ کے دروازے ان کے لیے بند رہے، وہ ٹوئٹ کرتا ہے اور دوبارہ گرفتار ہو جاتا ہے، اس ریاستی فاشزم کے خلاف سب کو آواز اٹھانی ہو گی۔

وائس چیئرمین پاکستان تحریک انصاف شاہ محمود قریشی نے بھی اعظم سواتی کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر ایک بیان جاری کیا۔


مزید خبریں :