28 نومبر ، 2022
دبئی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ ایک طبقے نے فوج کوغیر سیاسی بنانے کے فیصلے کو منفی لیا جب کہ افواج پاکستان پروپیگنڈے اور جھوٹے بیانیے کے باوجود غیر سیاسی رہنے کے فیصلے پر ثابت قدم رہے گی۔
خلیجی اخبار کو انٹرویو میں آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان نے اندرونی خلفشار پر قابو پانے میں ہمیشہ کردار ادا کیا، افواج پاکستان نے بذریعہ عسکری سفارتکاری عالمی سیاست میں توازن قائم رکھا۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ فوج کے غیرسیاسی ہونے کو کچھ افراد نے ہدف تنقید بنایا، فوج کے غیر سیاسی ہونے سے جمہوری اقدار پروان چڑھے گا۔
جنرل قمر جاوید جاوید کا کہنا تھا کہ فوج پروپیگنڈے اور جھوٹے بیانیے کے باوجود غیر سیاسی رہنے کے فیصلے پر ثابت قدم رہے گی، فوج کے غیر سیاسی ہونے سے پاکستان میں سیاسی استحکام کو فروغ ملے گا۔
آرمی چیف کا مزید کہنا تھا کہ فوج کے غیرسیاسی ہونے سے فوج کے عوام سے تعلقات مضبوط ہوں گے۔