08 دسمبر ، 2022
لاہور : قومی احتساب بیورو(نیب) نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور دیگرکے خلاف شراب لائسنس کی انکوائری بند کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔
نیب نے لاہور ہائی کورٹ میں شراب لائسنس کے اجرا کی انکوائری بند کرنےکا بیان دیا ہے۔
آج لاہور ہائی کورٹ میں جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نےنجی ہوٹل کی درخواست پرسماعت کی۔
نیب وکیل نےکہا کہ نیب ریجنل بورڈ نے انکوائری بند کرنے کی سفارش چیئرمین نیب کوبھیج دی ہے۔
نجی ہوٹل کے وکیل اعجاز اعوان کا کہنا تھا کہ ہائی کورٹ کا سنگل بینچ لائسنس اجرا کو قانون کے مطابق قرار دے چکا ہے، تین سال سے بے مقصد انکوائری جاری ہے جسے بند کیا جائے، نیب ترمیمی قانون کے تحت یہ انکوائری جاری نہیں رہ سکتی۔
عدالت نے ڈی جی نیب کے جواب کی روشنی میں درخواست نمٹا دی۔