13 دسمبر ، 2022
کیا آپ کو معلوم ہے کہ بیک وقت سب سے زیادہ بچوں کی پیدائش (جو سب زندہ بھی بچ گئے)کا ریکارڈ کس خاتون کے پاس ہے ؟
یہ کوئی زیادہ پرانی بات نہیں بلکہ مئی 2021 میں مالی سے تعلق رکھنے والے جوڑے عبدالقادر عربی اور حلیمہ سیسی کے ہاں مراکش میں بیک وقت 9 بچوں کی پیدائش ہوئی تھی۔
یہ دنیا میں پہلا موقع تھا جب بیک وقت پیدا ہونے والے 9 بچے زندہ بچنے میں کامیاب ہوئے اور اسی وجہ سے ان کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج ہوا۔
اس سے قبل بیک وقت سب سے زیادہ زندہ بچ جانے والے بچوں کا عالمی ریکارڈ امریکا کی نادیہ سلیمان کے پاس تھا جن کے ہاں 2009 میں 8 بچوں کی پیدائش ہوئی تھی۔
اب پیدائش کے 19 ماہ بعد یہ بچے مراکش سے اپنے آبائی وطن مالی چلے گئے ہیں۔
ان بچوں (5 لڑکیاں اور 4 لڑکے) کی پیدائش حمل کے 30 ویں ہفتے میں آپریشن کے ذریعے ہوئی تھی۔
حلیمہ اور ان کے شوہر بچوں کی پیدائش سے قبل مالی حکومت کی معاونت سے مراکش گئے تھے تاکہ ماں کو خصوصی طبی نگہداشت فراہم کی جاسکے۔
بچوں کی پیدائش کے لیے 30 ڈاکٹروں اور دیگر عملے کی ٹیم نے کام کیا تھا۔
اس وقت یہ خدشہ ظاہر کیا گیا تھا کہ قبل از وقت پیدائش کے باعث ان بچوں کو مختلف طبی مسائل کا سامنا ہوسکتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ زندگی کے ابتدائی مہینے انہوں نے اسپتال میں گزارے۔
اس اسپتال میں ایک خصوصی میڈیکل فلیٹ ان بچوں کے لیے بنایا گیا تھا جہاں وہ اپنے والدین کے ساتھ مقیم رہے۔
اب 19 ماہ بعد یہ 9 بچے پہلے سے زیادہ صحت مند ہیں اور اپنے ملک واپس لوٹ گئے ہیں۔
مئی 2022 میں بچوں کی پہلی سالگرہ کے موقع پر ان کے والد عبدالقادر عربی نے بتایا تھا کہ اگرچہ اتنے زیادہ بچوں کی پرورش آسانی نہیں تھی مگر یہ دیکھ کر اچھا لگتا ہے کہ تمام بچوں کی صحت مثالی ہے، جس کو دیکھ کر ہم سب کچھ بھول جاتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ہر بچے کی اپنی منفرد شخصیت ہے، کچھ خاموش رہتے ہیں جبکہ دیگر زیادہ شور مچاتے ہیں، کچھ کی خواہش ہوتی ہے کہ انہیں ہر وقت گود میں اٹھایا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ بچوں کی وجہ سے وہ مالی میں بہت زیادہ مقبول ہوگئے ہیں اور لوگ ان بچوں کو اپنی نظروں سے دیکھنا چاہتے ہیں۔