Time 14 دسمبر ، 2022
پاکستان

مزید ملکوں کو ویٹو پاور دینے سے عالمی سطح پر خلیج بڑھے گی: بلاول

قراردادوں پر عمل نہ کرنے والے ملک مستقل رکن کیسے بن سکتے ہیں؟ کسی بھی تنازعے کے فریق دوطرفہ معاملہ کہہ کر توجہ نہیں ہٹاسکتے: وزیر خارجہ کا سلامتی کونسل کے مباحثے سے خطاب— فوٹو: اسکرین گریب
قراردادوں پر عمل نہ کرنے والے ملک مستقل رکن کیسے بن سکتے ہیں؟ کسی بھی تنازعے کے فریق دوطرفہ معاملہ کہہ کر توجہ نہیں ہٹاسکتے: وزیر خارجہ کا سلامتی کونسل کے مباحثے سے خطاب— فوٹو: اسکرین گریب

وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے زیر اہتمام ایک مباحثے سے خطاب کیا، اس مباحثے کا عنوان پائیدار امن اور سکیورٹی تھا۔

بلاول نے اپنے خطاب میں کہا کہ کسی بھی تنازعے کے فریق دوطرفہ معاملہ کہہ کر توجہ نہیں ہٹاسکتے، سلامتی کونسل تسلیم شدہ تنازعات کے حل میں مؤثر کردار ادا کرے، دیرینہ  تنازعات کو  سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ سلامتی کونسل میں توسیع بالادستی کے بجائے برابری کی بنیاد پر ہونی چاہیے، مزید ملکوں کو  ویٹو پاور دینے سے عالمی سطح پر خلیج بڑھے گی، قراردادوں پر عمل نہ کرنے والے ملک مستقل رکن کیسے بن سکتے ہیں؟

بلاول نے کہا کہ عالمی سطح پر قیام امن کے ساتھ سماجی اور معاشی ترقی کا چیلنج درپیش ہے، کوپ 27 میں لاس اینڈ ڈیمج فنڈ کا قیام بڑی پیش رفت ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر انصاف کیلئے اقوام متحدہ پر اہم ذمہ داری عائد ہوتی ہے، عالمی امن اور متعلقہ مسائل کاحل سلامتی کونسل کی ذمہ داری ہے۔

مزید خبریں :