17 دسمبر ، 2022
18 سال کی عمر میں انگلینڈ کی جانب سے ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے پاکستانی نژاد برطانوی ریحان احمد کے والد نے بیٹے کے لیے جذبات کا اظہار کیا ہے۔
ریحان کے والد کا کہنا ہے کہ ہمیشہ سے ہمارا یہ خواب تھا لیکن اللہ نے اتنی جلدی خواب کی تکمیل دینا تھی یہ معلوم نا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ ان کا تعلق میر پور آزاد کشمیر سے ہے اور گزشتہ 22 برس سے وہ انگلینڈ میں مقیم ہیں۔
کرکٹر کے والد نے بتایا کہ 20 سال پاکستان میں رہا، یہاں کرکٹ کھیلی اب انگلینڈ میں رہتا ہوں اور بیٹے کو کرکٹ کھیلتا دیکھ رہا ہوں۔
ریحان کے والد کا کہنا تھا کہ بیٹے کا آئیڈیل کیوین پیٹرسن ہے، اس کے علاوہ ریحان ویرات کوہلی، بابر اعظم اور کین ولیمسن کو بھی دیکھتا رہتا ہے کہ کس نے کیسی شاٹ کھیلی ہے۔
انہوں نے کہا کہ رات جب میری ریحان سے بات ہوئی تو وہ بہت خوش تھا اور کہہ رہا تھا کہ ان شا ءاللہ اچھا ہوگا، پاکستانیوں کا شکریہ جو ریحان کو سپورٹ کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ ریحان احمد انگلینڈ کے لیے ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے کم عمر ترین کھلاڑی ہیں، وہ کیپ حاصل کرنے والے 710 ویں کھلاڑی بن گئے۔
لیگ اسپنر ریحان احمد انگلینڈ کے کم عمر ترین ٹیسٹ ڈییبو کرنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں انہیں سابق انگلش کپتان ناصر حسین نے ٹیسٹ کیپ دی۔ کراچی میں جاری میچ میں ریحان نے سعود شکیل کی وکٹ لی۔