پاکستان
Time 21 دسمبر ، 2022

بنوں میں آپریشن کامیاب: 25 دہشتگرد ہلاک،7 نے ہتھیار ڈال دیے، ڈی جی آئی ایس پی آر

ترجمان پاک فوج میجر جنرل احمد شریف چوہدری—فوٹو: فائل
ترجمان پاک فوج میجر جنرل احمد شریف چوہدری—فوٹو: فائل 

 پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ بنوں میں سی ٹی ڈی کے کمپاؤنڈ میں فائرنگ کے تبادلے میں 25 دہشت گرد مارے گئے،7 نے سرنڈر کیا جبکہ 3 فرار ہوتے ہوئے گرفتار ہوئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے جیو نیوز کے پروگرام آپس کی بات میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے  بنوں میں سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ پر حملہ کرنے والےدہشت گردوں کے خلاف آپریشن کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 18 دسمبر کو بنوں میں سی ٹی ڈی کمپلیکس میں زیر تفتیش 35 دہشگرد موجود تھے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہاکہ سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ پر باہرسے کوئی حملہ نہیں ہوا، سی ٹی ڈی کی تحویل میں ہی دہشتگروں نے یہ صورت حال پیدا کی،زیرتفتیش دہشت گردوں میں سے ایک نے سی ٹی ڈی جوان کا ہتھیار چھین کر فائرنگ کی تھی،دہشت گرد افغانستان جانے کے لیے محفوظ راستہ مانگ رہے تھے،فرارکی کوشش ناکام بنادی گئی۔

پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا کہ بنوں میں فائرنگ کے تبادلے میں 25 دہشت گرد مارے گئے 7 نے سرنڈر کیا جبکہ 3 فرار ہوتے ہوئے گرفتار ہوئے، اس کے علاوہ آپریشن میں پاک فوج کا ایک صوبیدار اور 2 سپاہی شہید ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے مطالبے کو رد کردیا گیا،شہدا کی عظیم قربانیاں ہمارے عزم کو بڑھاتی ہیں۔

پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل احمد شریف چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ مغربی سرحد سے دہشت گردی کی جوتازہ لہر ہے اسے ابھرنے نہیں دیا جائے گا، جو ہمارے خلاف آئے گا اس کا سر کچل دیں گے۔

اس کے علاوہ میجر جنرل احمد شریف نے تحریک طالبان پاکستان سے متعلق پالیسی بھی دوٹوک انداز سے واضح کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی قسم کے جتھے یا دہشت گرد گروہ کو پنپنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، حکومت کی رٹ ہرصورت قائم کی جائے گی۔

واضح رہے کہ اتوار کے روز بنوں میں دہشتگردوں نے سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ پر حملہ کیا تھا اور اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا تھا جس پر سکیورٹی فورسز نے آپریشن شروع کیا تھا۔

مزید خبریں :