Time 21 دسمبر ، 2022
پاکستان

کراچی پولیس چیف کا ڈاکوؤں سے مقابلے میں زخمی ایس ایچ او کیلئے انعام کا اعلان

فوٹو: جیو نیوز
فوٹو: جیو نیوز

ایڈیشنل آئی جی ( کراچی پولیس چیف) جاوید عالم اوڈھو  نے نجی اسپتال میں ڈاکوؤں سے مقابلےکے  دوران  زخمی ہونے  والے  ایس ایچ  او میمن گوٹھ انسپکٹر  ادریس بنگش اور پولیس  اہلکاروں کی عیادت کی اور  ان کے لیے نقد انعام کا اعلان بھی کیا۔

اسپتال میں کراچی پولیس چیف جاوید عالم کے ہمراہ ڈی آئی جی ایسٹ مقدس حیدر بھی موجود تھے۔

کراچی پولیس چیف کا کہنا تھا کہ آج پولیس مقابلوں میں ایک سینیئر افسر سمیت 3 اہلکار زخمی ہوئے، کراچی پولیس کے لیے بھاری دن ہے، کورنگی میں شہری کی جان گئی،پولیس نے ملزمان سے مقابلہ کیا، دوجوان زخمی ہوئے،دونوں ملزمان کا پیچھا کیا گیا اور دونوں مقابلے میں مارے گئے۔

کراچی پولیس چیف کے مطابق انسپکٹر ادریس بنگش سرکاری کام سے سائٹ سپر ہائی وے پہنچے تھے، انہوں نےڈاکوؤں سے مقابلہ کیا اور ملزم کو زخمی حالت میں پکڑ لیا اور خود بھی زخمی ہوئے۔

جاوید عالم اوڈھو کا کہنا تھا کہ کورنگی میں شہری کو قتل کرنے والے ملزم کو بھی ڈھونڈ رہے ہیں، شہریوں کا بھی کافی نقصان ہوا ہے ،پولیس نے رواں برس 104 سے زائد ملزمان مارے ہیں۔

انہوں نےانسپکٹر ادریس بنگش کو ایک لاکھ روپے اور سی سی سرٹیفیکیٹ اور زخمی جوانوں کے لیے بھی انعام کا اعلان کیا۔

خیال رہے کہ میمن گوٹھ تھانے کے ایس ایچ او ادریس بنگش سائٹ سپر ہائی وے کے علاقے میں ایک پراپرٹی ڈیلر کے پاس مبینہ طور پر ڈکیتی کے دوران مقابلے میں زخمی ہوئے ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق واردات کے دوران  ادریس بنگش نے ملزمان کو پکڑنے کی کوشش کی، فائرنگ کے اس واقعہ میں ایک شہری آصف چانڈیو بھی زخمی ہوا، ملزم کو ادریس بنگش نے زخمی حالت میں پکڑ لیا جسے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

مزید خبریں :