کھیل
Time 22 دسمبر ، 2022

بلاول بھٹو فٹبال چیمپئن شپ بھی اسٹریٹ کرائم کا شکار، ایونٹ نہ ہوسکا

ٹھٹھہ میں ہونے والی  بلاول بھٹو فٹبال چیمپئن شپ بھی اسٹریٹ کرائم کا شکار ہوگئی۔

بلاول بھٹو فٹبال چیمپئن شپ کا آرگنائزر بھی کراچی میں لٹ گیا جس کے باعث فٹبال چیمپئن شپ نہ ہوسکی۔

آرگنائزر نوشاد کا کہنا ہے کہ 75 لاکھ روپے محکمہ اسپورٹس نے ٹھٹھہ میں ایونٹ کیلئے دیے تھے، 2 دسمبر کو  بینک سے رقم نکالی، رقم لے کر ایونٹ آرگنائز کرنے ٹھٹھہ جا رہا تھا تو کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں لوٹ لیا گیا۔

بلاول بھٹو فٹبال چیمپئن شپ 5 دسمبر سے شروع ہونی تھی، 16 دسمبر کو ایونٹ کا فائنل تھا،وزیر کھیل ارباب لطف اللہ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

سیکرٹری اسپورٹس اختر عنایت کا کہنا ہے کہ آج ہی پتہ چلا ہے کہ 5 دسمبر کو ایونٹ نہیں ہوسکا،ایونٹ آرگنائزر سے آج ملاقات ہوئی تو اس نے واردات سے متعلق بتایا۔

ان کا کہنا تھا کہ آرگنائزر نے ایونٹ کرانے کی یقین دہانی کرائی ہے،وہ حکومتی نقصان بھرے گا۔

اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ ایونٹ نہ ہونے کا ڈیپارٹمنٹ کو کیوں نہیں پتہ چلا اس پر کیا کہہ سکتا ہوں،معاملے کی انکوائری کیلئے انکوائری آفسر مقرر کیا جائے گا۔

دوسری جانب 20 دن گزر جانے کے بعد بھی پولیس سرکاری رقم لوٹنے والوں کو گرفتار نہیں کر سکی، ایس ایس پی انوسٹی گیشن شہلا قریشی  کا کہنا ہے کہ مجھے ایسی کسی واردات کا علم نہیں،تفصیلات معلوم کرتی ہوں۔ 

مزید خبریں :