24 دسمبر ، 2022
نیوزی لینڈ کے کرکٹر اعجاز پٹیل کا کہنا ہے کہ پاکستان کے پاس ایسے بیٹرز ہیں جو اسپن کو اچھا کھیلتے ہیں، جنہیں آؤٹ کرنا چیلنج ہوگا لیکن اس چیلنج کا مزہ ہے۔
کراچی میں اعجاز پٹیل نے جیو نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی کنڈیشن کافی مختلف ہیں جس کے باعث یہاں کھیلنا آسان نہیں،بھارت میں باؤنس ملتا ہے جبکہ یہاں وکٹ سلو ہے جس پر محنت کرنا ہوتی ہے، پچھلی سیریز میں یہاں اسپنرز کو مدد ملی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے زیادہ کرکٹ نیوزی لینڈ میں کھیلی ہے، یہاں کی کنڈیشنز سے زیادہ واقف نہیں، دیکھنا یہ ہے کہ یہاں کی کنڈیشن میں کیسے ایڈجسٹ کرنا اور کیسی بولنگ کرنی ہے۔
اعجاز پٹیل نے کہا کہ اللّٰہ بہتر جانتا ہے کہ یو اے ای والی کارکردگی دہرا سکتا ہوں یا نہیں، میری کوشش ہوگی کہ اچھی بولنگ کروں اور بیٹرز پر دباؤ ڈالوں۔
نیوزی لینڈ کے اسپن بولر نے کہا کہ بابر اعظم اور محمد رضوان اچھے کھلاڑی ہیں،انفرادی اہداف نہیں، ہر بال پر پوری محنت کرتا ہوں، کوشش ہوتی ہے کہ بیٹر کے پلان کو پرکھ کر اچھی کارکردگی دکھاؤں۔
انہوں نے کہا کہ میرا قد لمبا نہیں اس وجہ سے فاسٹ بولنگ چھوڑ کر اسپن کی طرف آیا اور کرکٹ میں کیریئر بنانے کے لیے اسپن بولنگ کو اپنایا۔