25 دسمبر ، 2022
پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل کا کہنا ہےکہ انگلینڈ کے خلاف سیریز میں ففٹیوں کو سنچری میں تبدیل نہ کرسکنےکا دکھ ہے، بڑا اسکور کرنےکا موقع ضائع کیا، اگر کم از کم دو ففٹیوں کو سنچریوں میں تبدیل کرلیتا تو نتیجہ مختلف ہوسکتا تھا۔
کراچی میں جیو نیوز کو انٹرویو میں سعود شکیل نے کہا کہ انگلینڈ کی سیریز میں جو غلطیاں کیں اس سے سبق حاصل کرکے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں بہتر کرنے کی کوشش کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ انگلینڈ سے تین صفر کی شکست کے بعد کھلاڑیوں نے بیٹھ کر کارکردگی کا تجزیہ کیا اور تبالہ خیال کیا کہ کہاں غلطیاں ہوئیں۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ ان کو کیا لگتا ہے کہ کہاں پاکستان نے غلطی کی تو انہوں نے اپنی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئےکہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ انہوں نے بڑا اسکور کرنے کا موقع گنوایا جس کا انہیں دکھ ہے، اگر وہ ففٹیوں کو سنچری میں تبدیل کرپاتے تو پاکستان کے لیے نتیجہ مختلف ہوسکتا تھا۔
سعود شکیل نے انگلینڈ کے خلاف چار ففٹیاں اسکور کی تھیں، تاہم وہ کہتے ہیں کہ ایک پروفیشنل پلیئر کبھی بھی ایک پرفارمنس سے مطمئن نہیں ہوتا، اس کی کوشش ہوتی ہے کہ ہر بار پہلے سے بہتر پرفارم کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ وہ اپنی غلطیوں سے سبق سیکھ کر بہتر کرنے کی کوشش کریں گے کیوں کہ یہ ان کے کیریئر کا اسٹارٹ ہے اور ان کے لیے اہم ہے کہ وہ اپنی غلطیوں سے سبق حاصل کریں۔
انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم اچھی ٹیم ہے ، پاکستان انگلینڈ کی شکست فراموش کرکے نئے جذبے کے ساتھ میدان میں اترے گی، کھلاڑی اس سیریز میں اچھی کارکردگی کیلئے پر عزم ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ چار اسپنرز لے کر آیا ہے، کوشش کریں گے کہ ان کی اسٹرینتھ کو دیکھ کر اپنی حکمت عملی بنائیں اور سیریز اپنے نام کریں، انہوں نے کراچی ٹیسٹ میں سنچری اسکور کرنے کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ کراچی ان کا ہوم وینیو ہے اور وہ یہاں کھیلنا ہمیشہ انجوائے کرتے ہیں، خواہش ہے کہ نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز میں وہ اپنی پہلی ٹیسٹ سنچری بھی اسکور کریں۔