27 دسمبر ، 2022
کوئٹہ: بلوچستان کو وفاق سے (نیشنل فنانس کمیشن) این ایف سی ایوارڈ کا پورا شیئر نہ ملنے پر صوبائی حکومت مالی مشکلات کاشکار ہوگئی۔
صوبائی حکومت کو جہاں اگلے ماہ 3 لاکھ سرکاری ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی میں مشکل پیش آرہی ہے وہیں متاثرین سیلاب کیلئے وفاقی حکومت سے امداد نہ ملنے پر حکومتی اور اپوزیشن اراکین اسمبلی سراپا احتجاج ہیں۔
بلوچستان کو رواں مالی سال جولائی سے نومبر تک این ایف سی ایوارڈ میں حصہ کا 30ارب روپے کم ملنے سے صوبے کا مالی بحران شدت اختیار کرگیا ہے۔
صوبائی محکمہ خزانہ کے مطابق رائلٹی کی مد میں گزشتہ مالی سال بھی صوبے کو وفاق سے 11 ارب روپے کم ملے تھے، اس کے علاوہ پی پی ایل سوئی رائلٹی کی مدمیں بلوچستان کے 30ارب سے زائد کی رقم وفاق کے ذمہ ہے۔
محکمہ خزانہ کے ذمہ داروں کا کہنا ہے کہ مرکز سے صوبے کے محصولات اگر بہتر نہ ہوئے تو اگلے ماہ سرکاری ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی ممکن نہ ہو گی۔