Time 29 دسمبر ، 2022
پاکستان

مظاہرہ کرنے والے ڈاکٹروں کا دور دراز تبادلہ کر دیں: لاہور ہائیکورٹ

، ٹیچنگ اسپتال قانون کے مطابق دیے گئے اسپتالوں میں سہولیات فراہم نہیں کر رہے: عدالت۔ فوٹو فائل
، ٹیچنگ اسپتال قانون کے مطابق دیے گئے اسپتالوں میں سہولیات فراہم نہیں کر رہے: عدالت۔ فوٹو فائل

لاہور ہائیکورٹ کا کہنا ہے کہ ڈاکٹروں کا کیا کام کہ مظاہرہ کریں، جو ڈاکٹر مظاہرہ کریں ان کا دور دراز تبادلہ کر دیں۔

سرکاری اسپتالوں میں سہولتیں نہ ہونے کے خلاف درخواستوں پر سماعت لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے کی۔

عدالت کا اسپتالوں میں ہونے والے اخراجات نوٹیفائی کرنے کے لیے اقدامات کرنےکا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ہیلتھ کیئر کمیشن پرائیویٹ اسپتالوں میں ٹیسٹوں کے ریٹ کا تعین کرے اور درج شکایات کو اسپتالوں میں آویزاں بھی کیا جائے۔

جسٹس شاہد کریم نے اسپتالوں کی انسپکشن ریگولر بنیادوں پر کرنے کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دیے کہ کسی کو اسپتال سے متعلق شکایت ہو تو پتا ہونا چاہیے اس کی شنوائی کے لیے فورم موجود ہے۔

سیکرٹری صحت پنجاب احمد جاوید قاضی نے اسپتالوں میں سہولیات کی بہتری سے متعلق رپورٹ عدالت میں پیش کی اور بتایا کہ ایمرجنسی شعبے کے لیے مختلف عہدوں کی بھرتی کے لیے اشتہار دیا ہے، ڈاکٹرز اور نرسز کی بھرتیوں کا عمل شروع کیا جا چکا ہے اور اسپتالوں کی مانیٹرنگ کے لیے مستقل کمیٹی بنا دی ہے، جس پر جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیے کہ قاضی صاحب آپ کی کارکردگی اطمینان بخش ہے۔

عدالت نے دوران سماعت مظاہرہ کرنے والے ڈاکٹرز کے متعلق ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹروں کا کیا کام ہے مظاہرے کرنا؟ جو مظاہرہ کرے اسے تبدیل کر دیں، مظاہرے کرنے والوں کی کوئی جگہ نہیں، جو مظاہرہ کریں انہیں دور دراز بھیج دیں۔

جسٹس شاہدکریم کا کہنا تھا ہمیں چیف جسٹس جس بینچ میں کہتے ہیں ہم چلے جاتے ہیں، ٹیچنگ اسپتال قانون کے مطابق دیے گئے اسپتالوں میں سہولیات فراہم نہیں کر رہے، گائیڈ لائنز پر عمل درآمد کے لیے انسپکشن ریگولر کرانے کے اقدامات یقینی بنائے جائیں، اگر بجٹ کا مسئلہ ہو تو عدالت کو آگاہ کریں۔

لاہور ہائیکورٹ نے ہیلتھ کیئر کمیشن کو شکایات کے ازالے کے لیے مؤثر نظام واضح کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ایسا نظام وضع کریں جو چلتا رہے۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت دو ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی۔

مزید خبریں :