04 جنوری ، 2023
یوٹیلٹی اسٹورزپر خریداری کے لیے موبائل فون پر کوڈ موصول ہونے میں مشکلات کے باعث شہریوں کی بڑی تعداد رعایتی اشیاء کی خریداری سے محروم ہے اور انہیں اذیت کا سامنا ہے۔
یوٹیلٹی اسٹورزکارپوریشن کی جانب سے موبائل فون پر رجسٹریشن اور کوڈ کے ذریعے خریداری کی شرط رکھی گئی ہے تاہم نیشنل ٹیلی کام کارپوریشن (این ٹی سی) کے سسٹم میں خرابی کے باعث شہریوں کو کوڈ موصول نہیں ہو رہا ۔
شہریوں کا کہنا ہےکہ تین دن سے مسلسل اسٹورز کے چکر لگا رہے ہیں موبائل پرکوڈ ہی نہیں آرہا، پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پِس رہے ہیں اور حکومت نے عام شہریوں کے لیے سبسڈی بھی کم کردی ہے۔
دوسری جانب ترجمان یوٹیلٹی اسٹورزکارپوریشن کا کہنا ہےکہ این ٹی سی سسٹم میں مسئلہ ہے، جس کے باعث شہریوں کو کوڈ موصول ہونے میں مسائل کا سامنا ہے،کوڈ دیکھنے پر ہی اشیاء فروخت کرسکتے ہیں۔
ترجمان کے مطابق این ٹی سی کو کوڈ کے مسائل کے حوالے سے آگاہ کردیا ہے،کوشش ہے کہ این ٹی سی کا مسئلہ حل ہونے تک شناختی کارڈ پر ہی براہ راست اشیاء فروحت کی جائیں۔