10 جنوری ، 2023
کراچی پولیس نے وزیراعلیٰ کی ہدایت پر اسٹریٹ کرائم کے سدباب کیلئے نئی حکمت عملی بنالی۔
وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر سندھ پولیس نے نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کے مطابق پولیس ٹریننگ سینٹرز سے اہلکاروں کو مختلف علاقوں میں تعینات کیا جارہا ہے۔
شاہد حیات پولیس ٹریننگ سینٹر سے ایک ہزار اہلکاروں کو ساؤتھ زون اور 900 اہلکاروں کو ویسٹ زون بھیجا گیا ہے۔
پولیس ٹریننگ سینٹر رزاق آباد سے 1200 پولیس اہلکاروں کو ایسٹ زون میں بھیج دیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق اہلکار علاقائی تھانے کی نگرانی میں حساس مقامات پر تعینات ہوں گے، اسٹریٹ کرائم کے سدباب کیلئے اہلکار تین شفٹوں میں سڑکوں پرتعینات کیے جائیں گے۔
حکام نے مزید بتایا کہ وزیراعلیٰ سندھ کے سڑکوں پر نفری بڑھانے کے احکامات ہیں جس کے بعد تینوں زونل ڈی آئی جیز کو نفری تعینات کرنے کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔