Time 11 جنوری ، 2023
پاکستان

اعتمادکا ووٹ نہ لینے پرگورنر کیجانب سے پرویز الہٰی کو ہٹانےکیخلاف کیس کی سماعت آج ہوگی

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

لاہور ہائی کورٹ کا 5 رکنی بینچ وزیراعلیٰ پنجاب  چوہدری پرویز الہٰی کو اعتماد کا ووٹ نہ لینے پر گورنر کی جانب سے ہٹانےکے نوٹیفکیشن کے خلاف معاملےکی سماعت  آج بدھ کو ہوگی۔

گورنر پنجاب کے وزیر اعلیٰ کو عہدے سے ہٹانے اورکابینہ ختم کرنےکے نوٹیفکیشن کے خلاف درخواست پرجسٹس عابد عزیز شیخ کی سربراہی میں لاہورہائی کورٹ کا 5 رکنی بینچ آج سماعت کرےگا۔

یہ درخواست وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الہٰی کی جانب سے دائرکی گئی تھی، بینچ کے دیگر ارکان میں جسٹس چوہدری اقبال، جسٹس طارق سلیم شیخ، جسٹس مزمل اختر شبیر اور جسٹس عاصم حفیظ شامل ہیں۔

درخواست میں گورنرکو بذریعہ پرنسپل سیکرٹری اور چیف سیکرٹری  فریق بنایا گیا ہے، عدالت اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل کو معاونت کے لیے نوٹس جاری کر چکی ہے، عدالت نے 23 دسمبر کو  پرویز الہٰی کی اسمبلی تحلیل نہ کرنےکی یقین دہانی پرگورنرکے 19 اور  22 دسمبر کے نوٹیفکیشن معطل کر دیے تھے۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں لکھا تھا کہ گورنر کے نوٹیفکیشن 11 جنوری تک معطل رہیں گے، اس دوران اگر پرویز الہٰی اعتماد کا ووٹ لینا چاہیں تو عدالت کا یہ حکم انہیں نہیں روکےگا۔

23 دسمبرکی سماعت میں گورنرکے وکیل نے یقین دہانی کرائی تھی کہ اگر پرویز الہٰی اعتماد کا ووٹ لینے کی یقین دہانی کرائیں تو نوٹیفکیشن واپس لینے کو تیار ہیں۔

مزید خبریں :