کھیل
Time 11 جنوری ، 2023

بیالیسویں چیف آف ائیر اسٹاف گالف چیمپئن شپ کراچی میں شروع ہوگئی

ملک کی سب سے بڑی انعامی رقم والی گالف چیمپئن شپ کا آغاز ائیر مین گالف کورس پر ہوا— فوٹو: جیو نیوز
ملک کی سب سے بڑی انعامی رقم والی گالف چیمپئن شپ کا آغاز ائیر مین گالف کورس پر ہوا— فوٹو: جیو نیوز

42 ویں چیف آف ائیر اسٹاف گالف چیمپئن شپ کراچی میں شروع ہوگئی۔ ملک کی سب سے بڑی انعامی رقم والی گالف چیمپئن شپ کا آغاز ائیر مین گالف کورس پر ہوا جہاں سندھ گالف ایسوسی ایشن کے سیکرٹری کرنل زاہد اقبال، سید عامر علی اور علی شہزاد موجود تھے۔

زاہد اقبال نے کہا کہ ملک کی سب سے بڑی انعامی رقم والی گالف چیمپئن شپ میں پاکستان کے 500 گالفرز ایکشن دکھائیں گے، 11 ملین روپے والے گالف ٹورنامنٹ میں انعامات کے ساتھ ہول ان ون کرنے والے گالفرز کو دو کاریں انعام میں دی جائیں گی۔

انھوں نے کہا کہ ماضی میں یہ کھیل کچھ مخصوص لوگوں میں کھیلا جاتا تھا مگر آج پورے ملک میں گالف کھیلنے والے موجود ہیں۔

اسپانسر کے عہدیدار سید عامر علی نے کہا کہ کرکٹ اور گالف کے ساتھ چھوٹے بڑےمختلف کھیلوں کو سپورٹ کررہے ہیں، مستقبل میں مختلف اسپورٹس کھلاڑیوں کو بھی اسپانسر شپ دی جائے گی۔

ایک اور اسپانسر عامر شہزاد نے بتایا کہ گالف میں نوجوانوں کی دلچسپی بڑھنے کی وجہ سے اسپانسر شپ میں اضافہ ہوا ہے۔

42ویں چیف آف ائیر اسٹاف گالف چیمپئن شپ 5 دن جاری رہے گی، چیمپئن شپ کا فائنل راؤنڈ اتوار کو کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں :