Time 13 جنوری ، 2023
پاکستان

کراچی میں غیر قانونی کرنسی ڈیلرز کیخلاف ایف آئی اے کا کریک ڈاؤن، 11 گرفتار

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

کراچی میں حوالہ ہنڈی اور کرنسی کا غیر قانونی لین دین کرنے والے ڈیلرز کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے تین سرکلز نے مشترکہ کارروائیاں کرتے ہوئے 11 افراد کو گرفتار کر کے ساتھ مقدمات درج کر لیے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے کے تین سرکلز کو منی چینجر مافیاز کے خلاف متحرک کر دیا گیا ہے۔ ایف آئی اے کے اسٹیٹ بینک سرکل، اینٹی کرپشن سرکل اور کمرشل بینکنگ سرکلز نے رات گئے کراچی میں کلفٹن، ڈیفنس، صدر، گلشن اقبال، اسکیم 33 اور دیگر علاقوں میں کارروائیاں کیں۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں 11 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ 7 مقدمات درج کیے گئے۔ کارروائیوں کے دوران کروڑوں روپے مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد کی گئی، غیر ملکی کرنسی کا لین دین کرنے والی متعدد دفاتر کو سربمہر کر دیا گیا۔ 

ایف آئی اے ذرائع کے مطابق ضبط کی گئی غیر ملکی کرنسی میں امریکی ڈالر، ریال، درہم اور روپے شامل ہیں۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ کرنسی کا غیرقانونی لین دین کرنے والے ایجنٹوں کے خلاف کارروائیاں آئندہ دنوں میں بھی جاری رہیں گی۔

مزید خبریں :