Time 15 جنوری ، 2023
پاکستان

کراچی کی سرد ترین رات، الیکشن کیلئے سکیورٹی ڈیوٹی اہلکاروں کیلئے کڑا امتحان

فوٹو: جیو نیوز
فوٹو: جیو نیوز

کراچی اور حیدرآباد میں بے یقینی کی صورتحال کے بعد آخری چند گھنٹوں میں اعلان کردہ بلدیاتی انتخابات کی سکیورٹی کیلئے پولنگ اسٹیشنوں میں ٹھہرائے گئے مہمان پولیس اہلکاروں کیلئے کراچی کی سرد ترین رات کڑا امتحان ثابت ہوئی ہے۔

کراچی میں 7 سینٹی گریڈ تک کی سرد ترین رات میں بلدیاتی انتخابات کیلئے تعینات کیے گئے سکیورٹی اور انتخابی عملے نے انتہائی مشکل وقت گزارا ہے۔

سردی سے بچاؤ کیلئے کہیں آگ کا انتظام کیا گیا ہے تو کہیں اہلکار جاگ کر رات بسر کرتے نظر آئے، بے چینی کی رات گزارنے والے ان اہلکاروں کو  اتوار (آج صبح) کو لگ بھگ 12 گھنٹے پولنگ اسٹیشن کے اندر سکیورٹی ڈیوٹی سرانجام دینی ہے۔

سکیورٹی ایس او پیز کے تحت سندھ کے مختلف اضلاع سے کراچی بلوائے گئے پولیس اہلکاروں کو ان کی ڈیوٹی کے پولنگ اسٹیشن کے اندر ہی ٹھہرایا گیا ہے۔

اس سلسلے میں الیکشن کمیشن کی جانب سے قیام کے کوئی انتظامات نہیں کیے گئے بلکہ جس تھانے کی حدود میں پولنگ اسٹیشن ہیں اس تھانے کے ایس ایچ او اور عملے نے اپنی مدد آپ کے تحت انتظامات کیے۔

شدید سردی میں یقینی طور پر پولنگ اسٹیشن کے اندر گرما گرم بیڈ یا گدے تو دستیاب نہیں مہمان پولیس اہلکاروں کو رات بسر کرنے کیلئے دریاں اور کارپٹ فراہم کیے گئے ہیں۔

اپنے پیٹی بند بھائیوں کو شدید موسمی شدت سے بچانے کیلئے تکیے اور اوڑھنے کیلئے گرم کپڑے بھی فراہم کیے گئے مگر  یہ انتظامات سرد ترین رات کیلئے ناکافی ثابت ہوئے ہیں، شہر کے بیشتر پولنگ اسٹیشنوں میں ٹھہرائے گئے ایسے مہمان پولیس اہلکار مشکل میں دیکھے گئے۔

مزید خبریں :