12 دسمبر ، 2012
پشاور …پشاور ہائی کورٹ نے گومل زام ڈیم کے مغوی ملازمین کی فوری بازیابی کا حکم دے دیا۔گومل زام ڈیم کے 8مغوی اہل کاروں کی بازیابی سے متعلق درخواست کی سماعت پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس دوست محمد خان اور جسٹس وقار احمد سیٹھ نے کی۔ عدالت عالیہ نے مغوی اہلکاروں کی فوری بازیابی کا حکم دیتے ہوئے وزارت داخلہ ، دفاع ، گورنر خیبر پختونخوا ، فاٹا سیکریٹریٹ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ٹھوس اقدامات کی ہدایت کی۔ فاٹا کے سیکریٹری لاء اینڈ آرڈر جمال ناصر نے عدالت کو مغویوں کی بازیابی کے لئے اب تک کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ گومل زام ڈیم پر کام کرنیو الے آٹھ اہل کاروں کو رواں سال اگست میں ٹانک روڈ وزیرستان سے اغواء کیاگیا تھا۔