فٹبال گراؤنڈ سے بھی زیادہ بڑے طیارے کی 6 گھنٹے کی کامیاب پرواز

امریکی ریاست کیلیفورنیا میں طیارے کی پرواز کی آزمائش کی گئی / فوٹو بشکریہ اسٹراٹولانچ
امریکی ریاست کیلیفورنیا میں طیارے کی پرواز کی آزمائش کی گئی / فوٹو بشکریہ اسٹراٹولانچ

دنیا کے سب سے بڑے طیارے نے 6 گھنٹے کی آزمائشی پرواز کو مکمل کرکے ایک نیا ریکارڈ بنا دیا ہے۔

اسٹراٹولانچ روک نامی طیارے نے آزمائشی پرواز کے لیے امریکی ریاست کیلیفورنیا کے ایک صحرا سے اڑان بھری تھی۔

طیارے میں ایک اور تجرباتی طیارے Talon-A کو بھی لوڈ کیا گیا تھا۔

Talon-A آواز کی رفتار سے 6 گنا زیادہ تیزی سے پے لوڈ کو لے جانے کی صلاحیت رکھنے والا طیارہ ہے۔

اسٹراٹولانچ روک / فوٹو بشکریہ اسٹراٹولانچ
اسٹراٹولانچ روک / فوٹو بشکریہ اسٹراٹولانچ

اسٹراٹولانچ کی پرواز کا بنیادی مقصد صحرائی ماحول سے باہر پہلی بار پرواز کی آزمائش کرنا تھا جبکہ اسے تیار کرنے والی کمپنی بہت جلد Talon-A کی اولین ہائپر سونک پرواز کی آزمائش بھی کرنے والی ہے۔

اسٹراٹولانچ کے صدر Zachary Krevor نے ایک بیان میں بتایا کہ ہماری ٹیم کی جانب سے آزمائشی پروازوں میں پیشرفت کی جارہی ہے اور ہم Talon-A کی اولین ہائپر سونک فلائٹ ٹیسٹ کے قریب آگئے ہیں۔

اسٹراٹولانچ روک سے بہت جلد Talon-A پروٹوٹائپ کو سمندر میں چھوڑنے کی آزمائش کی جائے گی۔

اس طیارے پر کافی عرصے سے کام ہورہا ہے / فوٹو بشکریہ اسٹراٹولانچ
اس طیارے پر کافی عرصے سے کام ہورہا ہے / فوٹو بشکریہ اسٹراٹولانچ

خیال رہے کہ اسٹراٹو لانچ روک کو بالائی خلا میں سیٹلائیٹ لانچ کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا تھا، جسے سب سے پہلے جون 2017 میں متعارف کرایا گیا تھا۔

تاہم کمپنی کے بانی پال ایلن کے انتقال کے بعد کمپنی کی ملکیت بدل گئی اور اب یہ طیارہ ہائپر سونک طیاروں کے موبائل لانچ پلیٹ فارم کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔

اس کے 385 فٹ کے پر یا بازو کسی فٹ بال گراؤنڈ سے زیادہ چوڑے ہیں اور اس طرح اسے دنیا کا سب سے بڑا طیارہ بناتے ہیں۔

اس طیارے کی لمبائی 238 فٹ ہے اور اس میں 6 انجن نصب کیے گئے ہیں۔

اس طیارے کا وزن 2 لاکھ 26 ہزار کلوگرام سے زیادہ ہے اور اس میں 2 کاک پٹ کیبنز موجود ہیں۔

یہ 530 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کرسکتا ہے۔

مزید خبریں :