21 جنوری ، 2023
لاہور کی اسپیشل کورٹ سینٹرل نے انسانی اسمگلر کے اشتہاری ہونے پر نام بلیک لسٹ کرنے کے حکم پر عملدرآمد کی رپورٹ جمع نہ کرانے پر وفاقی سیکرٹری داخلہ کی تنخواہ روکنے کا حکم دے دیا۔
اسپیشل کورٹ سینٹرل کے جج بخت فخر بہزاد نے ملزم عثمان اکرم کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کی انسانی اسمگلنگ کی دفعات کے تحت درج مقدمے کی سماعت کی۔
ملزم کے پیش نہ ہونے پر اسے اشتہاری قرار دیا گیا تھا۔ عدالت نے ملزم کا نام بلیک لسٹ میں ڈال کر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔
عدالت نے وفاقی سیکرٹری داخلہ کی جانب سے رپورٹ نہ آنے پر اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کر دیا۔
عدالت نے عملدرآمد رپورٹ جمع کرانے تک تنخواہ روکنے کا حکم دیتے ہوئے فیڈرل سیکرٹری داخلہ کو 18 فروری کو ذاتی طور پر پیش ہو نے کی ہدایت کی۔
جج بخت فخر بہزاد نے فیصلے میں لکھا کہ فیڈرل سیکرٹری داخلہ بتائیں کہ کیوں حکم پر عملدرآمد کی رپورٹ جمع نہیں کرائی؟