دنیا
Time 22 جنوری ، 2023

چاند پر قدم رکھنے والے دوسرے انسان نے اپنی 93 ویں سالگرہ پر چوتھی شادی کرلی

فوٹو: بز الڈرین ٹوئٹر/ رائٹرز
فوٹو: بز الڈرین ٹوئٹر/ رائٹرز

چاند پر قدم رکھنے والے دوسرے انسان بز الڈرین (Buzz Aldrin) نے اپنی 93 ویں سالگرہ پر چوتھی شادی کرلی۔

سابق امریکی خلاباز  بز الڈرین 1969میں ناسا کے اس تاریخی اپولو 11مشن کا حصہ تھے جس  نے پہلی بار چاند پر قدم رکھا۔اس مشن کے سربراہ نیل آرم اسٹرونگ تھے جو  چاند پرچہل قدمی کرنے والے دنیا کے پہلے انسان تھے جبکہ  بز الڈرین یہ اعزاز حاصل کرنے والے دوسرے شخص تھے۔

بز الڈرین ان چار زندہ لوگوں میں سے ایک ہیں جو چاند پر چہل قدمی کر چکے ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق سابق امریکی خلا باز بز الڈرین نے 93 ویں سالگرہ پر اپنے سے 30 سال چھوٹی ڈاکٹر اَنکا فور( Anca Faur) سے لاس اینجلس میں شادی کی۔

سابق امریکی خلاباز نے ٹوئٹر پر اپنی شادی کی خبر دیتے ہوئے کہا کہ' میری 93 ویں سالگرہ، اس دن مجھے لیونگ لیجنڈز آف ایوی ایشن کی طرف سے اعزاز سے نوازا جائے گا مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ میں اور ڈاکٹر انکا فور اس دن شادی کے بندھن میں بندھ گئے ہیں'۔ 

فوٹو: بز الڈرین ٹوئٹر
فوٹو: بز الڈرین ٹوئٹر

بز الڈرین کی 63 سالہ  اہلیہ نے کیمیکل انجینئرنگ میں پی ایچ ڈی کی ہوئی ہے جبکہ وہ اس وقت اپنے شوہر کی کمپنی کی نائب صدر بھی ہیں۔

واضح رہے کہ چاند پر قدم رکھنے سے پہلے الڈرین کوریا کی جنگ کے دوران امریکی فضائیہ کے جنگی مشنوں پر لڑاکا طیاروں کے پائلٹ تھے۔

مزید خبریں :