دنیا
Time 25 جنوری ، 2023

شمالی کورین دارالحکومت میں سانس کی ایک بیماری پھیلنے پر لاک ڈاؤن نافذ

یہ لاک ڈاؤن اتوار تک برقرار رہے گا / اے ایف پی فوٹو
یہ لاک ڈاؤن اتوار تک برقرار رہے گا / اے ایف پی فوٹو

شمالی کوریا کے دارالحکومت پیانگ یانگ میں نظام تنفس کی ایک بیماری کے کیسز بڑھنے کے بعد لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق حکام کی جانب سے پیانگ یانگ میں سانس کی ایک بیماری تیزی سے پھیلنے کے بعد 5 روز کے لیے لاک ڈاؤن کے نفاذ کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

احکامات میں کووڈ 19 کا تذکرہ تو نہیں کیا گیا مگر شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اتوار تک اپنے گھروں میں رہیں اور روزانہ کئی بار جسمانی درجہ حرارت چیک کرکے ریکارڈ جمع کرائیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پیانگ یانگ کے شہریوں نے 24 جنوری کو ہی ممکنہ سخت اقدامات کے پیش نظر اشیا کا ذخیرہ کرنا شروع کردیا تھا۔

یہ ابھی واضح نہیں کہ شمالی کوریا کے دیگر حصوں میں بھی لاک ڈاؤن کا نفاذ ہوا ہے یا نہیں۔

خیال رہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے 2022 میں کووڈ 19 کی پہلی لہر کا اعتراف کیا گیا تھا مگر اگست میں وائرس کے خلاف کامیابی کا اعلان کیا گیا تھا۔

شمالی کورین حکومت نے یہ کبھی واضح نہیں کیا کہ کتنے افراد کو کووڈ 19 کا سامنا ہوا، بس بخار کے شکار مریضوں کی تعداد کو روزانہ رپورٹ کیا جاتا تھا۔

مزید خبریں :