09 فروری ، 2023
پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن کے لیے لاہور قلندرز کی کٹ ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ڈیزائن کی ہے جو سوشل میڈیا پر کافی مقبول ہو رہی ہے۔
پاکستان سپر لیگ کا آٹھواں ایڈیشن 13 فروری سے شروع ہو گا جس کا افتتاحی میچ ملتان سلطانز اور دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کے درمیان ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ہو گا۔
چند روز قبل لاہور قلندرز کے سی ای او عاطف رانا نے سوشل میڈیا پر ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ شاہین آفریدی ہمارے کپتان ہیں، نئی کٹ بھی وہی ڈیزائن کر رہے ہیں، جیسے وہ وکٹیں گراتے ہیں ان کا کٹ ڈیزائن بھی سب کے ہوش اڑا دے گا۔
اب لاہور قلندرز کی جانب سے ایک اور ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں پی ایس ایل کے آٹھویں ایڈیشن کے لیے ٹیم کی کٹ کی رونمائی کی گئی ہے۔
لاہور قلندرز کی کٹ کی خاص بات یہ ہے کہ اس پر پورے لاہور کا نقشہ بنا ہوا ہے جو اس کٹ کی مقبولیت میں مزید اضافہ کرتا ہے۔
شاہین شاہ آفریدی کی جانب سے ڈیزائن کردہ لاہور قلندرز کی کٹ سوشل میڈیا پر کافی مقبول ہو رہی ہے اور صارفین کی جانب سے کٹ کو خوب سراہا جا رہا ہے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے ٹورنامنٹ کے لیے دو آفیشل کٹس تیار کی گئی ہیں، ایک ہرے اور دوسری لال رنگ کی ہے، ہرے رنگ کی کٹ لاہور میں ہونے والے میچز میں استعمال کی جائے گی جبکہ لال رنگ کی کٹ دیگر شہروں میں ہونے والے میچز میں استعمال کی جائے گی۔