11 فروری ، 2023
وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ جس ٹولے نے عمران خان کو مسلط کیا انہوں نے بھی تسلیم کر لیا ہے کہ ان سے غلطی ہوئی کہ اس بدبخت کو ملک پر مسلط کیا جو ملک کو کسی حادثے سے دوچار کرنے والا تھا۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں بات چیت کرتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مسلم لیگ ن جنرل باجوہ کے ساتھ کسی سمجھوتے میں شامل نہیں تھی، حکومت میں شامل کسی شخص نے کبھی نہیں کہا کہ ہمیں 28 نومبر کے بعد حکومت ملی، مریم نواز نے یہ کہا ہے تو وہ پارٹی لیڈر ہیں، اپنی رائے کا اظہار کر سکتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم عوام میں اس بیانیے کے ساتھ جائیں گے کہ اس بدبخت عمرانی ٹولے نے 2016 میں ملک کو آگے لے جانے والی حکومت کے خلاف سازش کی، ساڑھے تین سال میں ملکی معیشت کا ستیاناس کر دیا ہم نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا ہے۔
اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ الیکشن کب کرانے ہیں یہ کام الیکشن کمیشن اور عدلیہ کا ہے ۔ حکومت اپریل میں بھی الیکشن کے لیے تیار ہے اور اکتوبر میں بھی تیار ہے ۔
وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ہماری صرف ایک رائے ہے اور وہ یہ ہے کہ انتخابات اکٹھے کرائے جائیں ، ورنہ الیکشن متنازع ہوں گے اور ہارنے والا دھرنے دے گا۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو وزارتِ خزانہ نے مالی صورت حال کا بتا دیا ہے ، مردم شماری بھی جاری ہے ، مارچ میں بچوں کے امتحانات بھی ہونے ہیں ، یہ حقائق الیکشن کمیشن کے سامنے رکھے جائیں گے ، فیصلہ الیکشن کمیشن کو کرنا ہے ، اس کے ہوتے جو کچھ ہوسکا ، وہ حکومت کرے گی۔