20 فروری ، 2023
آسٹریلوی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نجی مسائل کی بنا پر بھارت کیخلاف تیسرے ٹیسٹ سے قبل ہی گھر چلے گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پیٹ کمنز چند دنوں کیلئے بھارت سے سڈنی واپس گئے ہیں تاہم آسٹریلوی کپتان یکم مارچ کو شروع ہونے والےتیسرے ٹیسٹ میچ سے قبل بھارت واپس آجائیں گے۔
کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ پیٹ کمنز نجی مسائل کی بنا پر گھر واپس گئے ہیں، ان کی فیملی میں کوئی شدید بیمار ہوگیا ہے تاہم کمنز اندور میں ہونے والے تیسرے ٹیسٹ کی پریکٹس کیلئے اس ہفتے کے آخر تک بھارت واپس آکر ٹیم کو جوائن کرلیں گے۔
خیال ہے کہ 4 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں بھارت نے ابتدائی دونوں میچز میں آسٹریلیا کو شکست دی ہے جب کہ دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا ٹیسٹ میچ یکم مارچ سے شروع ہو گا۔