21 فروری ، 2023
سابق آسٹریلوی کپتان اسٹیو اسمتھ کی کروڑوں ڈالرز مالیت کی میجر لیگ کے ساتھ خفیہ بات چیت کا انکشاف ہوا ہے۔
آسٹریلوی میڈیا کے مطابق سابق آسٹریلوی کپتان اسٹیو اسمتھ 174 ملین آسٹریلوی ڈالرز مالیت کی لیگ کے ساتھ رابطے میں ہیں اور میجر لیگ کرکٹ میں شمولیت کا امکان ہے۔
رپورٹس کے مطابق امریکہ کی میجر لیگ کرکٹ میں شمولیت کیلئے خفیہ بات چیت جاری ہے، اسٹیو اسمتھ آئندہ برس امریکی ٹی ٹوئنٹی لیگ کھیل سکتے ہیں تاہم رواں برس ایشیز کی وجہ سے لیگ نہیں کھیل سکیں گے۔
دوسری جانب امریکی میجر لیگ کرکٹ نے اسٹیو اسمتھ کے ساتھ رابطوں کی تصدیق کردی ہے، لیگ کرکٹ کے مقابلے رواں برس جولائی میں شروع ہوں گے تین ہفتے تک میچز ٹیکساس اور نارتھ کیرولائنا میں منعقد ہوں گے۔
آسٹریلوی میڈیا کے مطابق 174 ملین آسٹریلوی ڈالرز سے زائد مالیت کی امریکی میجر لیگ میں 6 ٹیموں کو بھارتی تاجر اور معروف شخصیات بیک کر رہی ہیں، لیگ میں شاہ رخ خان کی جانب سے بھی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔
امریکی لیگ کی 6 ٹیموں میں ڈیلاس، سان فرانسسکو، لاس اینجلس، واشنگٹن سیٹل اور نیویارک سٹی شامل ہیں۔
لیگ میں 18 پلئیرز کیلئے 1.5 ملین امریکی ڈالرز کی سیلری کیپ ہے، زیادہ سے زیادہ 7 اوورسیز کھلاڑی رکھے جا سکتے ہیں۔
میجر کرکٹ لیگ اور کرکٹ نیو ساؤتھ ویلز کی پہلے سے ہی پارٹنرشپ قائم ہو چکی ہے۔