22 فروری ، 2023
کراچی: ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے کہا ہے کہ پولیس کے کوئیک رسپانس کی وجہ سے دہشتگردوں کو ذلت کا سامنا ہوا۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو ڈی آئی جی ایسٹ کے دفتر پہنچے جہاں انہوں نے ایسٹ پولیس کے افسران کو شاباش دی۔
کراچی پولیس چیف نے ڈی آئی جی مقدس حیدر، ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر شیخ اور دیگر افسران کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ میرے ان ساتھیوں نے پولیس کو بڑے نقصان سے بچایا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کراچی پولیس چیف نے کہا کہ کراچی پولیس آفس پر حملے کی اطلاع پر شہر بھر سے پولیس پہنچی اور پولیس کے کوئیک رسپانس کی وجہ سے دشمن کو ذلت کا سامنا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم وزیر اعلیٰ کے مشکور ہیں جنہوں نے فوراً پولیس کمانڈ سے رابطہ کیا اور وہ آپریشن کو کمانڈ بھی کررہے تھے، آئی جی سندھ غلام نبی میمن بھی آپریشن کی صورتحال میں مکمل رابطے میں تھے اور آپریشن کو مانیٹر کرتے رہے۔
ایڈیشنل آئی جی کا کہنا تھا کہ اپنے شہدا کی فیملیز اور زخمی جوانوں کے گھروں پر جا رہا ہوں، ہم نامساعد حالات میں اپنے فرائض سر انجام دیتے ہیں اور دشمن کتنے ہی حملے کرلیں ہم ان کو بھرپور جواب دیں گے۔
جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ ہم اپنے بہادروں کے لیے تمغہ جرات اور قائد اعظم ایوارڈ کی سفارش کریں گے۔