Time 26 فروری ، 2023
صحت و سائنس

کراچی میں سستی ادویات اور معیاری میڈیکل ٹیسٹ کے منصوبے کا افتتاح

سستی اور معیاری ادویات کی فراہمی اور میڈیکل ٹیسٹ کی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے مگر وہ اس میں بری طریقے سے ناکام ہو چکی ہے: زاہد سعید۔ فوٹو فائل
سستی اور معیاری ادویات کی فراہمی اور میڈیکل ٹیسٹ کی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے مگر وہ اس میں بری طریقے سے ناکام ہو چکی ہے: زاہد سعید۔ فوٹو فائل

کراچی میں مریضوں کو صحت کی معیاری سہولیات بشمول ادویات اور میڈیکل ٹیسٹ کی سہولیات فراہم کرنا فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے مگر وہ اس میں مکمل طور پر ناکام نظر آتی ہے۔

دوسری جانب پاکستان میں ادویات کے بحران کے باعث مارکیٹ میں جعلی ادویات کی بھرمار ہو چکی ہے جس کی وجہ سے لوگ شفا حاصل کرنے کے بجائے مزید بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔

ان حالات میں فلاحی ادارے الخدمت فاؤنڈیشن کی فارمیسی سروسز کسی نعمت سے کم نہیں جہاں پر معیاری اور سستی ادویات تربیت یافتہ فارماسسٹس کے ذریعے فراہم کی جارہی ہیں۔

الخدمت فارمیسی اینڈ ڈائگنوسٹکس سروسز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معروف صنعتکار زاہد سعید کا کہنا تھا کہ سستی اور معیاری ادویات کی فراہمی اور میڈیکل ٹیسٹ کی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے مگر وہ اس میں بری طریقے سے ناکام ہو چکی ہے، ایسے حالات میں جب کہ پاکستان بدترین معاشی بحران کا شکار ہے، الخدمت ناصرف صحت کی معیاری سہولیات فراہم کر رہی ہے بلکہ اپنے فارمیسی اور ڈائیگنوسٹکس سینٹرز کے ذریعے عوام کو سستی اور معیاری ادویات اور بہترین کوالٹی میڈیکل ٹیسٹ کروانے کی سہولتیں بھی فراہم کر رہی ہے۔

فوٹو سوشل میڈیا
فوٹو سوشل میڈیا

زاہد سعید کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے بہترین ڈاکٹر اور طبی ماہرین رضاکارانہ طور پر الخدمت کی ہیلتھ کیئر سروس سے منسلک ہو چکے ہیں جس کے باعث الخدمت صحت کی جانب سے فراہم کردہ طبی سہولیات کا عالمی ادارے بھی اعتراف کر رہے ہیں۔

انہوں نے اس موقع پر عوام خاص طور پر سفید پوش طبقے کو مشورہ دیا کہ وہ الخدمت فارمیسی اینڈ ڈائگنوسٹکس سروسز کی سہولیات سے فائدہ اٹھائیں جہاں پر پاکستان کے کسی بھی پرائیویٹ ادارے سے زیادہ بہتر ڈائگنوسٹکس اور فارمیسی سروسز فراہم کی جارہی ہیں۔

الخدمت فارمیسی سروسز کے انچارج سید جمشید احمد کا کہنا تھا کہ کسی بھی مریض کے علاج میں میں دوا کا عنصر نہایت اہمیت کا حامل ہوتا ہے، اگر ڈاکٹر کے مشورے اور میڈیکل ٹیسٹ کے بعد معیاری دوا نہ ملے تو مریض ٹھیک ہونے کی بجائے موت کے منہ میں چلا جاتا ہے۔

فوٹو سوشل میڈیا
فوٹو سوشل میڈیا

دوسری جانب پاکستان میں جعلی ادویات کی بھرمار ہے جس سے بچنے کا بہترین راستہ اچھی شہرت کی حامل فارمیسی سروسز سے دوا کا حصول ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ الخدمت کی فارمیسی سینٹرز پر تربیت یافتہ فارماسسٹس کی موجودگی میں معیاری ادویات کافی زیادہ ڈسکاؤنٹ پر مریضوں کو فراہم کی جارہی ہیں تاکہ سفید پوش طبقہ بھی علاج کی سہولیات سے مستفید ہو سکے۔

انہوں نے اس موقع پر بتایا کہ الخدمت دوا ساز اداروں سے براہ راست ادویات خرید کر ٹمپریچر کنٹرولڈ ماحول میں محفوظ رکھتی ہے اور ماہرین کی نگرانی میں ان ادویات کو مریضوں کو فراہم کیا جاتا ہے۔

الخدمت کراچی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نوید علی بیگ کا کہنا تھا کہ ایک جانب الخدمت لوگوں کو بیماریوں سے بچانے کے لیے صاف پانی کے منصوبے چلا رہی ہے اور دوسری جانب مریضوں کے علاج کے لیے بھی صحت کے بڑے منصوبے شروع کر دیے گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ الخدمت کراچی اس وقت صاف پانی فراہم کرنے کے لیے 58 فلٹر پلانٹس چلا رہی ہے جہاں پر ڈیڑھ روپے لیٹر میں پینے کا صاف پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں :