08 مارچ ، 2023
دفاعی ادارے نے سندھ پولیس کیلئے ملٹری گریڈ اسلحہ کی خریداری کے فیصلے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
سندھ پولیس کوملٹری گریڈ اسلحہ دینےپرتحفظات کااظہاراپیکس کمیٹی اجلاس میں کیاگیا، سندھ ہائی کورٹ سکھربینچ میں سیکرٹری داخلہ سندھ کی رپورٹ میں تحفظات کاذکر کیا گیا ہے۔
دفاعی ادارے کا مؤقف سندھ ہائیکورٹ سکھربینچ میں امن وامان پرآئینی درخواست میں ریکارڈ کا حصہ بنایا گیا ہے، دفاعی حکام کا مؤقف ہے کہ دنیا میں کسی پولیس فورس کے پاس ملٹری گریڈ کا اسلحہ نہیں ہوتا، جدید فوجی اسلحہ کی ترسیل، اسٹور اور استعمال کیلئے سخت ٹریننگ درکار ہوتی ہے۔
سندھ پولیس نے جدید ترین اسنائپر رائفلیں، مارٹرگن، تھرمل دوربین کی درخواست کی تھی، اس کے علاوہ سندھ پولیس نے نگرانی کے ابابیل ڈرونز، اندھیرے میں دیکھنے والے کیمروں کی بھی درخواست کی تھی۔
سندھ پولیس نے گھوٹکی، کشمور، شکارپور اضلاع میں کچے سے ڈاکوؤں کے خاتمے کیلئے دو ارب 80 کروڑ روپے کا فنڈ طلب کیا تھا تاکہ ملٹری گریڈہتھیار خریدے جاسکیں۔
سندھ پولیس نے ملٹری گریڈ اسلحہ خریدنے کیلئے سندھ حکومت کے ذریعے وفاقی وزارت داخلہ سے بھی رابطہ کیا تھا، آئی جی سندھ نے ملٹری گریڈ اسلحہ خریداری معاملہ صوبائی اپیکس کمیٹی اجلاس میں بھی اٹھایاتھا۔