جب برف میں پھنسے شخص کی زندگی ایک اسمارٹ فون نے بچالی

یہ واقعہ امریکی ریاست اوریگن میں پیش آیا / فوٹو بشکریہ لین کاؤنٹی شیرف سرچ اینڈ ریسکیو آفس
یہ واقعہ امریکی ریاست اوریگن میں پیش آیا / فوٹو بشکریہ لین کاؤنٹی شیرف سرچ اینڈ ریسکیو آفس

برف میں گاڑی پھنس جانے کے بعد ایک شخص کو جب علم ہوا کہ وہاں موبائل فون سروس موجود نہیں تو اس نے اپنی زندگی بچانے کا ایک منفرد طریقہ ڈھونڈ لیا۔

امریکی ریاست اوریگن کے Willamette National Forest کی ایک سڑک پر اس شخص کی گاڑی برف میں پھنس گئی تھی۔

لین کاؤنٹی شیرف سرچ اینڈ ریسکیو آفس کے مطابق اس شخص کے گھر والے بیرون ملک گئے ہوئے تھے اور کسی کو علم نہیں تھا کہ وہ کہاں پر موجود ہے جبکہ موبائل سگنل نہ ہونے کی وجہ سے وہ کسی سے رابطہ بھی نہیں کر سکتا تھا۔

حکام کی جانب سے اس شخص کا نام ظاہر نہیں کیا گیا مگر اس نے ڈرون کے ذریعے مدد طلب کرنے کا فیصلہ کیا۔

اس مقصد کے لیے اس نے اپنا اسمارٹ فون ڈرون سے منسلک کیا اور اس پر ایک ٹیکسٹ میسج ٹائپ کرکے اپنی صورتحال اور لوکیشن کے بارے میں بتا کر سینڈ بٹن پر کلک کیا۔

اس کے بعد ڈرون کو فضا میں کئی سو فٹ تک بلند کیا تاکہ موبائل سگنل مل سکے۔

یہ طریقہ کار کام کرگیا اور بلندی پر فون ایک موبائل ٹاور سے منسلک ہوگیا اور میسج متعلقہ حکام کے پاس چلا گیا۔

ریسکیو گروپ کے مطابق میسج ملنے کے بعد ہم نے ٹیم کو روانہ کیا۔

حکام نے مزید بتایا کہ اس شخص کو بچانے کے ساتھ ساتھ وہاں سے کچھ دور کئی روز سے برف میں پھنسے ایک اور شخص کو بھی بچایا گیا جو اپنی گاڑی کے اندر موجود تھا۔

حکام نے اس شخص کے طریقہ کار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نے گاڑی میں رہنے کا درست فیصلہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ گاڑی سے باہر نکل کر پیدل چلنے کے نتیجے میں زندگی کو زیادہ خطرہ لاحق ہوسکتا تھا۔

مزید خبریں :