10 مارچ ، 2023
پاکستان میں ایچ آئی وی کا مرض وبائی صورتحال اختیار کرنے لگا ہے، مسئلے پر فوری قابو نہ پایا گیا تو پاکستان میں افریقا جیسی صورتحال پیدا ہونےکا خدشہ ہے۔
سابق وفاقی مشیر صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ چند عرصے میں ان کے ہر کلینک میں ایچ آئی وی کے تین سے چار نئے نوجوان مریضوں کی تشخیص ہوئی ہے، جس سے ثابت ہوتا ہےکہ اب یہ کوئی خاموش وبا نہیں رہی۔
سابق وفاقی مشیر برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا بھی کہنا ہےکہ پاکستان ایچ آئی وی کی "وبا کے دہانے" پر بیٹھا ہوا ہے۔
وفاقی وزارت صحت کے حکام کے مطابق ملک بھر میں ہر مہینے ایچ آئی وی کے تقریباً ایک ہزار نئے کیس سامنے آ رہے ہیں لیکن اندازہ ہے کہ ایچ آئی وی میں مبتلا افراد کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے، صرف صوبہ سندھ میں ایچ آئی وی میں مبتلا بچوں کی تعداد تقریباً اٹھائیس سو سے زائد ہوچکی ہے۔