13 مارچ ، 2023
پشاور: خیبرپختونخوا میں پبلشرز نے ادائیگی نہ ہونے پر تعلیمی سال 2023 کی درسی کتب کی چھپائی روک دی۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے کتابوں کی چھپائی کے لیے پبلشرز کو 10 ارب روپے دینے ہیں جس کی عدم ادائیگی پر پبلشرز نے کتابوں کی چھپائی کا کام ادھورا چھوڑ دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ صوبائی حکومت نے ایک ارب روپے جاری کیے ہیں لیکن باقی فنڈز دستیاب نہیں جب کہ پبلشرز نے 50 فیصد پیشگی ادائیگی کا مطالبہ کیا ہے۔
ٹیکسٹ بک بورڈ کے ذرائع کا بتانا ہے کہ محکمہ خزانہ کو فنڈز کی کمی سے آگاہ کردیا گیا ہے، فنڈز نہ ہونے کے باعث سرکاری اسکولز کے لیے کتابوں کی فراہمی میں تاخیر کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب صوبائی محکمہ تعلیم کا کہنا ہےکہ مالی مشکلات درپیش ہیں لیکن کوشش کر رہے ہیں کہ فنڈز بروقت مہیا ہوں، مسئلے کے حل کے لیے نگران وزیر خزانہ سے میٹنگز کی ہیں، پبلشرز کو ادائیگی قسطوں میں کی جاتی ہے،کوشش کر رہے ہیں کہ تعلیمی سال شروع ہونے سے قبل بچوں کو کتابیں ملیں۔