14 مارچ ، 2023
پاکستان کے سابق کپتان یونس خان کی جانب سے اداکار محب مرزا سے لائیو شو میں نامناسب رویہ اختیار کرنے پر سوشل میڈیا صارفین یونس خان کو تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں۔
کچھ روز قبل پاکستان سپر لیگ میں پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کے درمیان میچ ہوا جس میں زلمی نے 243 کا ٹارگٹ دیا، جواب میں ملتان نے ہدف 19.1 اوور میں حاصل کرلیا۔
اسی میچ سے متعلق نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں گفتگو چل رہی تھی، پینل میں یونس خان اور کامران اکمل سمیت محب مرزا بطور مہمان شریک ہوئے۔
میزبان نے یونس خان سے اس میچ میں اتنے زیادہ رنز بننے کی وجوہات پوچھیں، یونس خان نے گفتگو کا آغاز کیا، گفتگو لمبی ہوئی تو محب مرزا نے ان کے کاندھے پر ہاتھ رکھا اور کہا 'مان لیں بولنگ فارغ تھی'۔
یونس خان کو محب کا یہ انداز پسند نہیں آیا، انہوں نے کہا بولنگ فارغ نہیں ہوتی، پی ایس ایل میں تمام بولرز ورلڈ کلاس ہیں، یونس خان نے کہا محب سے پوچھیں وہ کون سے بولرز ہیں جو فارغ ہیں؟ جواب میں اداکار نے کہا میں عوام ہوں، میں ٹیکنیکل بات نہیں کروں گا۔
سابق کرکٹر نے کہا 'پھر جب میں نے ٹیکنیکل بات کی تو آپ نے مجھے کندھے پر ہاتھ رکھ کر روکا کیوں؟' محب نے کہا میں نے مذاق کیا تھا۔
یونس خان نے گفتگو کے دوران محب کو تنبیہ کی کہ 'آئندہ جب کبھی آپ کسی سینئر کھلاڑی کے پاس بیٹھے ہوں اور وہ بات کررہے ہوں تو ایسے کندے پر ہاتھ نہیں رکھنا ورنہ کان کے نیچے لگ جاتی ہے'۔
سابق کپتان کا یہ رویہ سوشل میڈیا صارفین کو کچھ خاصہ پسند نہ آیا اور انہوں نے کرکٹر کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔
اداکارہ منشا پاشا نے بھی اس حوالے سے اپنی رائے کا اظہار کیا۔
انہوں نے انسٹاگرام اسٹوری پر تمام میزبانوں، کرکٹرز اور فنکاروں کو مخاطب کیا اور کہا 'اگر آپ چاہتے ہیں کہ دنیا آپ کے کام، ملک اور آپ کی عزت کرے تو پہلے ایک دوسرے کی عزت کرنا سیکھیں'۔
اداکارہ نے کہا 'خدا کے لیے باتوں کو اتنا سر پر سوار نہ کریں'۔
اداکارہ نے کہا برائے مہربانی دوسروں کو چھوٹا دکھانا بند کریں، اس سے آپ عظیم نہیں نظر آتے۔