Time 08 اپریل ، 2023
کھیل

کوشش کرتا ہوں کہ بیٹنگ کو بہتر کروں جس طرح شاہین آفریدی نےکی، حارث رؤف

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف کا کہنا ہے کہ کافی وقت کے بعد آرام کا موقع ملا جس کا اب فائدہ ہوگا، تازہ دم ہو گیا ہوں، مسلسل کرکٹ کھیل رہے تھے،  انرجی لیول بہتر کیا اور مسلز کو آرام ملا ہے۔

جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے حارث رؤف نے کہا کہ  اب کوشش ہے کہ کرکٹ اسکلز پر کام کروں اور مزید بہتر کروں، جب میدان میں ہوں تو ہر میچ میں سو فیصد دینا پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف کافی اہم سیریز ہے ، 5 ون ڈے اور 5  ٹی ٹوئنٹی ہیں،  دونوں سیریز جیتنے کی کوشش کریں گے،  ورلڈکپ آ رہا ہے ، ون ڈے سیریز اہم ہے، اس سیریز سے ہمیں تیاری کا موقع ملے گا۔

حارث رؤف کا کہنا تھا کہ ہم ایسا نہیں سوچتے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم میں بڑے نام شامل نہیں، نیوزی لینڈ نے ٹیم میں تجربہ کار کھلاڑی شامل کیے ہیں،  وہ انٹرنیشنل کرکٹ کا تجربہ رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فاسٹ بولرز میں مقابلہ بڑھ رہا ہے،  پاکستان کے لیے بیک اپ میں فاسٹ بولرز کا ہونا اچھی بات ہے، احسان اللہ کا آنا بھی اچھا ہے، دنیا پاکستان کے پیس بولرز کی تعریف کرتی ہے۔

حارث نے کہا کہ ون ڈے سیریز سے کوشش کروں گا مزید سیکھوں اور جہاں مجھے بہتر ی چاہیے اسے بہتر کروں، کوشش ہو گی جو سیکھوں وہ ایشیا کپ اور ورلڈ کپ میں کام آئے، ایشیاکپ سے پہلے بھی ہماری ایک ون ڈے سیریز ہے تو اچھی تیاری ہو جائے گی۔

قومی فاسٹ بولر نے کہا کہ کوشش کرتا ہوں کہ بیٹنگ کو بہتر کروں جس طرح شاہین آفریدی نے بہتر کی ہے، ویسے ہم بھی ایک دو چھکے لگا لیتے ہیں،  شاہین آفریدی جب بیٹنگ کے لیے جاتے ہیں تو میں کہتا ہوں کہ میں بھی بیٹنگ کر لیتا ہوں، ہم ایک دوسرے سے گھلتے ملتے، اکٹھے رہتے  اور مذاق کرتے ہیں۔

مزید خبریں :