Time 17 اپریل ، 2023
دلچسپ و عجیب

امریکی شہری نے 5 انچ قد بڑھانے کیلئے کونسا طریقہ استعمال کیا؟

فوٹو: ٹوئٹر
فوٹو: ٹوئٹر

چھوٹا قد کسی کو پسند نہیں ہے، ہر انسان چاہتا ہے کہ اس کا قد لمبا ہو تاکہ اسے معاشرے میں کسی قسم کی احساس کمتری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

 قدرت ہر انسان کو ایک جیسا نہیں بناتی، کچھ لمبے قد کے ہوتے ہیں تو کچھ لوگوں کا قد چھوٹا رہ جاتا ہے، اپنے قد کو بڑھانے کے لیے اکثر افراد مہنگی ،مہنگی ادویات کا بھی استعمال کرتے ہیں۔

لیکن امریکی شہری نے اپنے قد کو 5 انچ تک بڑھانے کے لیے حیران کن طور پر کروڑوں روپے کے تکلیف دہ آپریشن کرالیے۔   

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 41 سالہ امریکی شہری موسز گبسن کا قد 5 فٹ 5 انچ تھا لیکن عام لوگوں سے  پست قد ہونے کے باعث اس کی کوئی گرل فرینڈ نہیں بنتی تھی۔ 

تاہم اسی پریشانی کو دور کرنے کے لیے گبسن نے ادویات اور روحانی علاج کروایا لیکن اس سے کوئی کامیابی حاصل نہیں ہوئی جس کے بعد اس نے آپریشن کروانے کا فیصلہ لیا۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گبسن نے 2016 میں 75 ہزار ڈالرز جمع کرکے ٹانگوں کو لمبا کرنے کے لیے Limb Lengthening سرجری کروائی۔

 اس سرجری میں ہاتھ یا ٹانگ کی ہڈی کو لمبا کرنے کے لیے ہڈی کو دو حصوں میں توڑ کر اندر ایک مقناطیسی راڈ ڈالی جاتی ہے اور پھر ہڈی کو نشونما کے لیے چھوڑ دیا جاتا ہے اور کچھ عرصے بعد مطلوبہ نتائج حاصل ہونے کے بعد راڈ نکال دی جاتی ہے۔ یہ ایک تکلیف دہ اور طویل عمل ہے۔

گبسن نے 2016 میں 75 ہزار ڈالرز جمع کرکے ٹانگوں کو لمبا کرنے کے لیے Limb Lengthening سرجری کروائی۔—فوٹو: اسکرین شاٹ
گبسن نے 2016 میں 75 ہزار ڈالرز جمع کرکے ٹانگوں کو لمبا کرنے کے لیے Limb Lengthening سرجری کروائی۔—فوٹو: اسکرین شاٹ

رپورٹس کے مطابق پہلی سرجری کروانے کے بعد گبسن کو کافی فائدہ ہوا اور اس کے قد میں 3 انچ کا اضافہ ہوا۔گبسن کا کہنا ہے کہ قد میں 3 انچ کا اضافہ ہونے پر میں خوش تھا لیکن اب بھی مجھے احساس کمتری تھی اور میں مزید قد بڑھانا چاہتا تھا۔ 

گزشتہ ماہ گبسن نے 98 ہزار ڈالرخرچ کرکے ایک بار پھر سرجری کروائی—فوٹو: ٹوئٹر
گزشتہ ماہ گبسن نے 98 ہزار ڈالرخرچ کرکے ایک بار پھر سرجری کروائی—فوٹو: ٹوئٹر

تاہم گزشتہ ماہ گبسن نے 98 ہزار ڈالر خرچ کرکے ایک بار پھر سرجری کروائی، ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ سرجری کے کچھ عرصے بعد گبسن کی ٹانگیں مزید لمبی ہوجائیں گی اور اس کا قد 5 فٹ 10 انچ تک ہوجائے گا۔گبسن کی ان دونوں سرجریوں میں تقریباً 4 کروڑ پاکستانی روپے کا خرچ آیا۔

برطانیہ کی ہیلتھ سروس کے مطابق ہڈی کو بڑھانے کے لیے یہ سرجری کافی تکلیف دہ ہوتی ہے، اس میں کئی مسائل پیدا ہونے کے امکانات ہوتے ہیں اس لیے عموماً مریضوں کو اس مرحلے سے گزرنے کا مشورہ نہیں دیا جاتا۔

مزید خبریں :