19 اپریل ، 2023
آزاد کشمیر میں پاکستان تحریک انصاف کی وزارت عظمیٰ بچانے کے لیے فواد چوہدری کا دورہ مظفر آباد ناکام ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق فواد چوہدری نے پی ٹی آئی رہنماؤں کو عمران خان کے مؤقف پر قائل کرنے کی کوشش کی تاہم سردار تنویر الیاس، خواجہ فاروق، انوارالحق اور اظہر صادق اپنے اپنے موقف پر قائم رہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور فارورڈ بلاک کے کسی بھی رکن اسمبلی سے فواد چوہدری کی ملاقات نہ ہو سکی۔
دوسری جانب پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن اور فارورڈ بلاک کے درمیان بھی ڈیڈ لاک برقرار ہے اور وزارت عظمیٰ کے لیے مطلوبہ تعداد پوری نہ ہونے کی وجہ سے اپوزیشن جماعتوں کی مشترکہ پریس کانفرنس نہ ہو سکی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ اب تک سامنے آنے والے وزارت عظمیٰ کے کسی امیدوار کو 27 ارکان کی حمایت حاصل نہیں ہے۔
یاد رہے کہ آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کا قائد ایوان کو منتخب کرنے کے لیے اجلاس کئی روز سے تعطل کا شکار ہے اور ہر بار اسپیکر اجلاس کو اگلے روز کے لیے ملتوی کر دیتے ہیں۔