22 فروری ، 2012
کابل… افغانستان میں قران پاک کی بیحرمتی کیخلاف امریکاکیخلاف مظاہروں کا سلسلہ آج بھی جاری ہے اور سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے 11 افراد زخمی ہوگئے۔ دوسری جانب بم دھماکے میں نیٹو کے 3 فوجی مارے گئے۔ نیٹو کے بگرام ائربیس میں قران پاک جلائے جانے کے خلاف آج دوسرے روز بھی کابل سمیت مختلف شہروں میں لوگ سڑکوں پر نکل آئے۔ کابل میں مظاہرین نے شہر کے مرکزی حصے کی طرف مارچ کرنے کی کوشش کی۔ سکیورٹی فورسز نے انہیں روکنے کے لیے فائرنگ کی جس سے گیارہ مظاہرین زخمی ہوگئے۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق دو زخمیوں کی حالت نازک ہے۔ کابل میں امریکی سفارت خانہ بھی بند کردیا گیا ہے۔ مشرقی شہر جلال آباد اور مغربی شہر ہرات میں بھی مظاہرے کئے گئے جس میں لوگوں نے امریکا اور افغان صدر حامد کرزئی کے خلاف نعرے لگائے۔دوسری جانب اتحادی فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ جنوبی افغانستان میں سڑک کے کنارے بم دھماکے سے نیٹو کے تین فوجی ہلاک ہوگئے۔ بیان میں دھماکے کے مقام اور ہلاک ہونے والے فوجیوں کی قومیت نہیں بتائی گئی۔