کھیل
Time 29 اپریل ، 2023

فخر کی 180 رنز کی شاندار اننگز، پاکستان نے دوسرا ون ڈے بھی جیت لیا

بابر اعظم 65 اور رضوان 54 رنز بنا کر نمایاں رہے، سیریز میں پاکستان نے 0-2 کی برتری حاصل کرلی— فوٹو: پی سی بی
بابر اعظم 65 اور رضوان 54 رنز بنا کر نمایاں رہے، سیریز میں پاکستان نے 0-2 کی برتری حاصل کرلی— فوٹو: پی سی بی 

پانچ ایک روزہ میچز کی سیریز کے دوسرے ون ڈے میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔

کیویز کے 337 رنز کے ہدف کے تعاقب میں گرین شرٹس نے 49 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا اور یوں سیریز میں مسلسل دوسری فتح حاصل کرلی۔

نیوزی لینڈ کی اننگز

راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ویل ینگ اور چیڈ بوویس نے اننگز کا آغاز کیا تاہم 33 رنز پر کیویز کی پہلی وکٹ گرگئی اور ویل ینگ 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد چیڈ بوویس بھی 51 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، ڈیرل مچل اور ٹام لیتھم نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلیں اور 183 رنز کی شراکت قائم کی تاہم 129 رنز بنا کر مچل آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد ٹام لیتھم نروس نائینٹیز کا شکار ہوگئے اور 98 رنز پر حارث کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

کیویز نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 336 رنز بنائے۔ گرین شرٹس کی جانب سے حارث رؤف نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پاکستان کی اننگز

نیوزی لینڈ کے 337 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور امام الحق نے اننگز کا مستحکم آغاز کیا اور پہلی وکٹ پر 66 رنز پر گری جب امام 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اس کے بعد بابر اور فخر نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلیں اور 135 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی تاہم بابر 65 رنز بناکر سودھی کا شکار بنے، تیسری وکٹ عبداللہ شفیق کی گری جو 7 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

چوتھی وکٹ پر رضوان اور فخر نے 100 سے زائد رنز کی پارٹنر شپ بنائی جس کی بدولت گرین شرٹس نے 337 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر 49 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔

فخر زمان 6 چھکوں اور 17 چوکوں کی مدد سے 180 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، محمد رضوان بھی 54 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ 

اس فتح کے بعد پاکستان کو 5 میچز کی سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل ہوگئی۔

احسان اللہ کا ڈیبیو

اس میچ میں پاکستان کی جانب سے احسان اللہ نے ڈیبیو کیا، انہیں پاکستان کی جانب سے 242ویں ون ڈے کیپ دی گئی۔

واضح رہے کہ پہلے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو فخر زمان کی شاندار سنچری کی بدولت 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

مزید خبریں :