30 اپریل ، 2023
آئی پی ایل فرنچائز پنجاب کنگز کی مالک اور بالی وڈاداکارہ پریتی زنٹا نے انکشاف کیا ہے کہ وہ 2009 میں پنجاب کنگز کی فتح پر ٹیم کےکھلاڑیوں کو 120 آلو کے پراٹھے بنا کر کھلاچکی ہیں۔
پریتی زنٹا کا شمار آئی پی ایل فرنچائز کے متحرک مالکان میں ہوتا ہے، ایسے مالکان جو اپنی ٹیم کے ہر میچ میں موجود ہوتے ہیں۔
حال ہی میں بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو کے دوران پریتی نے بتایا کہ انھیں کھلاڑیوں سے کیا گیا وعدہ پورا کرنے کیلئے 120 آلو کے پراٹھے بنانے پڑے تھے۔
پریتی نے بتایا کہ ہم 2009 میں ساؤتھ افریقہ میں موجود تھے وہاں کسی کو اچھے آلو کے پراٹھے بنانے نہیں آتے تھے، لہٰذا میں نے وہاں ٹیم کے کچن اسٹاف کو آلو کے پراٹھے بنانا سکھائے، جس پر لڑکوں نے فرمائش کی کہ میں انھیں یہ پراٹھے بنا کر کھلاؤں اور پھر میں نے وعدہ کرلیا کہ اگر ٹیم اگلا میچ جیت جاتی ہے تو میں سب کو آلو کے پراٹھے بناکر کھلاؤں گی۔
اداکارہ کے مطابق اور پھر ٹیم وہ میچ جیت گئی جس کے بعد میں نے کھلاڑیوں کیلئے 120 آلو کے پراٹھے بنائے اور اس دن مجھے احساس ہوا کہ یہ لڑکے کتنا کھاتے ہیں۔
دوران شو ہربھجن سنگھ نے بتایا کہ اس دن 20 پراٹھے تو عرفان پٹھان اکیلا ہی کھا گیا تھا۔